بشام حملے میں ہلاک چینی باشندوں کے لواحقین کو کتنا معاوضہ دیا جائیگا؟تفصیلات سامنے آگئیں
5 چینی باشندوں کے خاندانوں کو مجموعی طور پر 25 لاکھ 80 ہزار ڈالرز معاوضہ دیاجائےگا۔
اسلام آباد(آئی پی ایس)خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے بشام میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے میں ہلاک چینی باشندوں کے لواحقین کے لیے معاوضہ پیکج کی منظوری دے دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ نے داسوپروجیکٹ پر کام کرنے والے دہشت گردحملے میں ہلاک چینی باشدوں کے لواحقین کے لیے پیکج کی منظوری دی جس کے تحت 5 چینی باشندوں کے خاندانوں کو مجموعی طور پر 25 لاکھ 80 ہزار ڈالرز معاوضہ دیاجائےگا۔
وفاقی کابینہ سے ہنگامی بنیادوں پر سرکولیشن سمری پرمنظوری لے لی گئی، ہلاک ہر چینی شہری کے خاندان کو 5 لاکھ 16 ہزار ڈالرز دیےجائیں گے۔
رقوم چینی باشندوں کے لواحقین کو بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانہ ادا کرے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ حملے میں ہلاک ایک پاکستانی شہری کےخاندان کو 25لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
واضح رہے 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔