وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات ، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پرتبادلہ خیال
وزیراعظم محمد شہباز شریف نےمتحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین مختلف شعبوں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے گفتگو ہوئی جب کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسپی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیاگیااس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین ابو ظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ڈائیریکٹر جنرل محمد سیف السُویدی نے ملاقات کی ۔ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں وزیرِ اعظم نے حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کیلئے اصلاحاتی اقدامات پر روشی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں ۔انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کی قیادت بالخصوص شیخ محمد بن زاید النہیان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کے مشکل وقت میں مدد کی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت، پاکستان میں سرمایہ کاری کے اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کاروبار دوست پالیسیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرکے ملک میں نجی شعبے کی ترقی یقینی بنا رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ اماراتی کمپنیوں کے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ تعاون سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم نے ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے وفد کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔