پنجاب کی انڈسٹری کو سولر انرجی پر منتقل کریں گے، چوہدری شافع حسین
کوشش ہے رواں برس یہاں سولر مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت
لاہور: صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ایکسپو سنٹر جوہر ٹاون میں تین روزہ چھٹی آئی ایس ای ایم سولر کانفرنس و نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش میں انٹرنیشنل سولر کمپنیوں کی طرف سے سو سے زائد سٹال لگائے گئے۔ صوبائی وزیر نے افتتاح کے بعد سٹالز کا معائنہ کیا اور سولر مصنوعات کا مشاہدہ کیا ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سولر انرجی کے فروغ کے حوالے سے نمائش کا انعقاد اچھی کاوش ہے۔ سولر انرجی کا فروغ حکومت کا فوکس ہےکوشش ہے کہ اسی سال یہاں سولر مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگے۔ اس حوالے سے متعدد غیر ملکی سولر کمپنیوں سے سودمند بات چیت ہوئی ہے –
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سولر پینلز کی تیاری کے حوالے سے ٹیکسوں میں کمی کے لئے وفاقی حکومت سے بات چیت جاری ہے ۔پنجاب کی انڈسٹری کو سولر انرجی پر منتقل کریں گے۔پیداواری لاگت کم کرنے کا واحد حل سولر انرجی ہے -اگرچہ آئی پی پیز نے انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی ہے تاہم اب انہیں بھی سولر انرجی پر آنا ہوگا -انڈسٹریل اسٹیٹس میں پلاٹ کے حصول کے بعد 2سال کے اندر کارخانہ لگانا ضروری ہے -بدقسمتی سے بعض انڈسٹریل اسٹیٹس میں رئیل اسٹیٹ کا کاروبار ہورہا تھا-پچھلے 2ماہ میں 40پلاٹس منسوخ کر دیئے جہاں پالیسی کے مطابق کارخانے نہیں لگے تھے ۔انڈسٹریل اسٹیٹس کی 100فیصد آباد کاری حکومت کی پالیسی ہے صنعتی مراکز میں کسی صورت پراپرٹی کا کاروبار نہیں ہونے دیں گے-