امریکی سیاحوں کو چین کا سفر کرنےکے لیے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں،چینی صدر
بیجنگ:چینی صدر شی جھن پھنگ نے 14ویں چین-امریکہ اعلیٰ سطحی سیاحتی ڈائیلاگ کے افتتاح پر ایک خط بھیجا ۔
چینی میڈیا کے مطابق شی جھن پھنگ نے کہا کہ اس سال چین اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 45ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ چین امریکہ تعلقات کی بنیاد عوام نے رکھی ، ان تعلقات کے دروازے عوام نے کھولے، ان کی کہانی عوام نے لکھی اور ان کا مستقبل بھی دونوں ممالک کے عوام مشترکہ طور پر تشکیل دیں گے۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ سیاحت کا شعبہ چین اور امریکہ کے عوام کے درمیان تبادلوں اور باہمی افہام و تفہیم کے لیے ایک اہم پل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین امریکی سیاحوں کو چین کا سفر کرنے، چینی دوستوں سے ملنے، چینی ثقافت کا تجربہ حاصل کرنے ، خوبصورت پہاڑوں اور دریاؤں کی سیر کرنے اور حقیقی چین کا تجربہ حاصل کرنے کے لیے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تمام شعبے اس اعلیٰ سطحی مکالمے کو وسیع تبادلوں، اتفاق رائے پیدا کرنے، فعال اقدامات کرنے، سیاحتی تعاون کے ذریعے افرادی تبادلے کو فروغ دینے، اور ثقافتی تبادلے کے ذریعے چین امریکہ دوستی کو جاری رکھنے کے ایک موقع کے طور پر لیں گے۔
چودہویں چین-امریکہ اعلیٰ سطحی سیاحتی ڈائیلاگ کا افتتاح 22 مئی کو چین کے صوبہ شائن شی کے شہر شی آن میں ہوا جس کا موضوع ہے "سیاحت چین اور امریکہ کے درمیان افرادی اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دیتا ہے”۔