چین مسئلہ فلسطین پر عرب ممالک کے کردار کی حمایت کرتا ہے، چینی وزارت خارجہ
بیجنگ:چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے یومیہ پریس کانفرنس میں بحرین اعلامیہ کی منظوری اور عرب ممالک کے لئے چین کی حمایت کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین نے یہ بات محسوس کی ہے کہ عرب لیگ کی سربراہی کونسل کے 33 ویں اجلاس میں فلسطین اسرائیل مسئلے پر توجہ مرکوز کی گئی ، متعلقہ اعلامیے اور بیانات کو منظور کیا گیا اور اجلاس میں دو ریاستی حل کے نفاذ، بین الاقوامی امن کانفرنس کے انعقاد، تمام فلسطینی دھڑوں کے درمیان مصالحت کی حمایت اور بین الاقوامی برادری اور بااثر طاقتوں پر یہ زور دیا گیا کہ وہ بین الاقوامی بحرانوں سے نمٹنے کے لئے "سیاسی جمع تفریق ” اور "دوہرے معیار” کو ترک کریں۔ ترجمان نے کہا کہ چین اتحاد کو مضبوط کرنے اور مسئلہ فلسطین میں اہم کردار ادا کرنے میں عرب ممالک کی حمایت کرتا ہے اور عرب ممالک کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنے ،فلسطین اور اسرائیل کے درمیان موجودہ کشیدگی کو کم کرنے اور مسئلہ فلسطین کو دو ریاستی حل کے درست راستے پر واپس لانے میں کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔