News Views Events

ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر کا انتقال، پاکستان نے سوگ کا اعلان کردیا

0

ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر کا انتقال، پاکستان نے سوگ کا اعلان کردیا
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ہیلی کاپٹر حادثہ میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ان کے انتقال پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنےایک پیغام میں کہا، ’ایک ماہ سے بھی کم عرصہ قبل صدر رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے تاریخی دورہ پر پاکستان کو ان کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا۔ وہ پاکستان کے اچھے دوست تھے۔ پاکستان میں یوم سوگ منایا جائے گا اور صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے احترام اور برادر ملک ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر پرچم سرنگوں رہے گا۔‘

خیال رہے کہ ایران کے سرکاری میڈیا نے ہیلی کاپٹر حادثہ میں صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان اور دیگر حکام کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

صدر رئیسی کے جاں بحق ہونے کے بعد تہران میں ایرانی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ ایرانی آئین کے مطابق، 68 سالہ نائب صدر محمد مخبر نے ملک کے عبوری صدر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

ایرانی اور غیرملکی میڈیا نے ہیلی کاپٹر حادثے کے مقام کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کے تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے ٹکڑے بکھرے پڑے ہیں۔ ایک فوٹو میں ہیلی کاپٹر کی دم کو پہاڑی پر الٹے پڑے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
صدر ابراہیم رئیسی اتوار کی صبح آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف کے ساتھ ایک ڈیم کا افتتاح کرنے کے لیے آذربائیجان میں تھے۔ صدر ابراہیم رئیسی کے ہمراہ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان، صوبہ تبریز کے گورنر، دیگر حکام اور باڈی گارڈز بھی ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔ حادثہ صوبہ تبریز سے 100 کلومیٹر دور پہاڑی علاقے میں پیش آیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.