فلسطینی ریاست کو اسی مہینے تسلیم کر لیں گے: آئرلینڈ
آئرلینڈ کے نائب وزیر اعظم مائیکل مارٹن نے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کو رواں ماہ تسلیم کر لیں گے ۔
بدھ کے روز ‘ نیوز سٹاک ریڈیو سٹیشن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کسی تاریخ کی وضاحت نہیں کی ہے۔
مائیکل مارٹ آئرلینڈ کے وزیر خارجہ بھی ہیں اور نائب وزیر اعظم بھی ہیں۔
انہوں نے نیوز سٹاک ریڈیو اسٹیشن کو بتایا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ رواں ماہ کے اختتام سے پہلے ہی فلسطین کی ریاست کو تسلیم کر لیا جائے گا۔
واضح رہے دو ماہ قبل ماہ مارچ میں آئرلینڈ، سپین ، سلواکیہ اور مالٹا کے رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ ‘ان کے ملک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں۔’
آئرلینڈ نے کافی عرصہ سے یہ موقف اختیار کر رکھا ہے اگر فلسطینی ریاست کو تسلم کرنے سے مشرق وسطیٰ میں امن او استحکام آجاتا ہے تو آئر لینڈ کوفلسطینی ریاست کے تسلیم کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔ تاہم غزہ میں اسرائیلی کی تقریبا آٹھ ماہ سے جاری جنگ کی وجہ سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے بارے میں ایک بار پھر بحث شروع ہو گئی ہے۔ حتیٰ کہ یورپی یونین کے رکن ممالک میں بھی اس بارے میں بات چیت دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا تھا بعض ملکوں نے 21 مئی کو فلسطینی ریاست کو علامتی طور پر تسلیم کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔ ممکنہ طور پر دوسرے یورپی ملک بھی اس کی پیروی کریں گے۔ لیکن آئرلینڈ کے مارٹن نے بدھ کو تاریخ کی نشاندہی کرنے سے گریز کیا۔
تاہم امکان ہے کہ اگلے چند دنوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی تاریخ اس مہینے کے اختتام سے پہلے ہی واضح ہو جائے گی۔ گذشتہ ماہ سپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کے ڈبلن کے دورے کے موقع پر آئر لینڈ کے وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا ،ہم مل کر اس سلسلے میں اقدامات کریں گے۔’