غزہ میں اسرائیلی حکومت غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات کر رہی ہے: منیر اکرم
اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حکومت غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سفیر منیر اکرم کا کہنا تھا کہ ہم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل میں اپنی ذمہ داریاں پوری کیں، غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر یو این میں قراردادیں آئی ہیں، سلامتی کونسل کے ہر فیصلے پر رکن ممالک عمل درآمد کرنے کے پابند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے فیصلے پر عمل درآمد کرانے کیلئے مستقل ارکان متفق نہیں، اقوام متحدہ میں غزہ جنگ بندی کیلئے بات چیت کے ذریعے کوششیں جاری ہیں۔
منیر اکرم کا کہنا تھا کہ فلسطین کی رکنیت سے متعلق اقوام متحدہ کا خصوصی اجلاس آج ہوگا، یو این اجلاس میں سلامتی کونسل کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کا کہا جائے گا، اجلاس میں فلسطین کی مستقل رکنیت کا فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ فلسطین کی مکمل رکنیت کی قرارداد کو امریکا نے سلامتی کونسل میں ویٹو کیا تھا۔