چین آنے والے غیر ملکیوں کی تعداد میں سال بہ سال تین گنا سے زیادہ اضافہ
بیجنگ : رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں چین آنے والے غیر ملکیوں کی تعداد میں 2023 کے اسی عرصے کے مقابلے میں تین گنا سے زائد کا اضافہ ہوا اور ملک میں ویزا فری پالیسی کی بدولت داخل ہونے والے غیر ملکیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جن میں بڑی تعداد میں غیر ملکی کاروباری افراد بھی شامل ہیں جو چینی مارکیٹ میں اپنے کاروبار کو توسیع دینا چاہتے ہیں۔
مارچ میں چین نے اعلیٰ معیار کے کھلے پن کو فروغ دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور استعمال کرنے کے لئے "24 اقدامات” پر مشتمل ایک ایکشن پلان جاری کیا اور چینی وزارت تجارت نے "چین میں سرمایہ کاری” کے نام سے سرگرمیوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا، جس کے پہلے ایونٹ میں ہی 17 ممالک اور علاقوں سے غیر ملکی کاروباری اداروں اور کاروباری انجمنوں کے 140 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔ حال ہی میں، امریکہ میں قائم مینجمنٹ کنسلٹنگ فرم اے ٹی اے ٹی کیرنی نے 2024 گلوبل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کنفیڈنس انڈیکس جاری کیا، اور چین کی درجہ بندی پچھلے سال کے ساتویں نمبر سے ترقی پا کر تیسرے نمبر پر آ گئی ہے۔ حال ہی میں چین کے صوبہ جیانگ سو کے شہر سوچو میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں دنیا کی ٹاپ 500 کمپنیوں میں سے 429 کمپنیوں نے شرکت کی ۔کانفرنس میں شریک اہم ترین غیرملکی مہمانوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی ، 367 منصوبوں پر دستخط کئے گئے، جن کی مجموعی سرمایہ کاری 372 ارب یوآن تک جا پہنچی ہے۔