ایرانی صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد، پرتپاک استقبال، گارڈ آف آنر پیش
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر کا معائنہ کروایا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے وفاقی کابینہ کے اراکین کا تعارف کروایا جس کے بعد ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں ارتھ ڈے کی مناسب سے پودا بھی لگایا اور دعا کی۔
قبل ازیں ایرانی صدر کے ہمراہ اہلیہ اور اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے، وفد میں ایرانی وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان، اعلیٰ حکام اور تاجر بھی شامل ہیں۔
ایرانی صدر عزت مآب ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچ گئے
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی صدر کا استقبال کیا
ایرانی صدر عزت مآب ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو پاکستان کی مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا
🇵🇰🇮🇷 pic.twitter.com/KHbL8E1Ddf
— PMLN Digital (@PMLNDigital) April 22, 2024
پاکستان پہنچنے پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستانی ہم منصب صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملیں گے جبکہ لاہور اور کراچی کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، عوام سے عوام سمیت باہمی رابطوں، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔
ایرانی صدر کے دورے کے موقع پر علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے علاوہ دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کیلئے دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے ایرانی صدر کا پاکستان کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا دورہ پاکستان میں عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔
صدر ابراہیم رئیسی کی پاکستان آمد کے موقع پر خصوصی سکیورٹی پلان مرتب دیا گیا ہے، اس سے پہلے پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں سکیورٹی امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا تھا۔