فلسطینی صدر کی فلسطین کے اقوام متحدہ کا مکمل رکن بننے کی مخالفت پر امریکہ کی مذمت
فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ میں امریکی نمائندہ لنڈا تھامس گرین فیلڈ کے اس بیان کی مذمت کی جس میں انہوں نے کہا کہ "فلسطین کی اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت فلسطین اسرائیل تنازعے کے دو ریاستی حل تک پہنچنے میں مددگار نہیں” اور امریکہ اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کی مخالفت کرتا ہے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق فلسطینی صدر کے ترجمان نبیل ابو رودینہ نے کہا ہے کہ خطے اور دنیا میں استحکام حاصل کرنے کا واحد راستہ فلسطین کا استحکام ہے اور فلسطین کو اقوام متحدہ کا مکمل رکن بننے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کی قراردادوں 181 اور 194 پر عمل درآمد نہیں کیا، اپنے وعدوں کو پورا نہیں کیا اور اسرائیل کی اقوام متحدہ کی رکنیت کی قانونی حیثیت مشکوک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی صدر امریکہ کی جانب سے ویٹو استعمال کرنے کی دھمکی کی مذمت کرتے ہیں۔ امریکی حکومت اسرائیل کی ان پالیسیوں کی مکمل ذمہ دار ہے جو تمام بین الاقوامی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔