News Views Events

کئی بار جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا، حریم شاہ کا انکشاف

0

آئے روز متنازع خبروں کا حصہ بننے والی نامور ٹک ٹاکر حریم شاہ نے انکشاف کیا کہ انہیں کئی بار لوگوں نے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی،
سوشل میڈیا پر متنازع خبروں کا حصہ بننے والی معروف ٹاک ٹاکر حریم شاہ سیاسی شخصیات کی خفیہ ویڈیوز لیک کرنے کے حوالے سے بھی مشہور ہیں، وہ ماضی میں کئی معروف شخصیات کی متنازع ویڈیوز لیک کرچکی ہیں، تاہم ویڈیوز کے مصدقہ ہونے کے حوالے سے وہ کئی دعوے بھی کرچکی ہیں۔
اس کے علاوہ ستمبر 2021 میں انہوں نے بلال شاہ سے شادی کرنے کا اعتراف بھی کیا تھا، اس سے قبل حریم شاہ نے جون 2021 میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے کسی رہنما سے شادی کرنے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا۔
بلال شاہ سے شادی کرنے کے اعتراف کے بعد انہوں نے کہا کہ دوسرے کسی شخص سے شادی کا دعویٰ انہوں نے ’شغل لگانے‘ کے لیے کیا تھا۔
شادی کے بعد کچھ عرصے پاکستان میں رہنے کے بعد وہ اپنے شوہر کے ساتھ اب برطانیہ منتقل ہوگئی ہیں اور اب وہیں پر مقیم ہیں۔
حریم شاہ نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے بچپن، سیاسی شخصیات کی ویڈیوز ایکسپوز کرنے اور جنسی ہراسانی سے متعلق گفتگو کی۔
پوڈکاسٹ کے شروع میں احمد علی بٹ نے سوال پوچھا کہ آپ سیاسی شخصیات کے ساتھ خطرناک کھیل کھیلتی ہیں، کیا یہ آپ جان بوجھ کر کرتی ہیں یا خود بخود ہوجاتا ہے؟
جس پر حریم شاہ نے جواب دیا کہ سیاسی شخصیات کے ساتھ کچھ چیزیں وہ جان بوجھ کرتی ہیں۔
انہوں بتایا کہ ’کچھ چیزیں میں نے جان بوجھ کر کیں ہیں لیکن کبھی کبھار غلطی سے بھی ہوجاتی ہیں، سیاسی شخصیات کے ساتھ میں نے جو کچھ بھی کیا وہ میرا ایک مشن تھا اور میں ہر مشن میں کامیاب ہوئی ہوں، الحمداللہ کسی بھی مشن میں ناکامی نہیں ہوئی۔‘
اپنی بچپن کے بارے میں بات کرتے ہوئے حریم شاہ نے بتایا کہ ’میرا تعلق مڈل کلاس فیملی سے ہے، والدہ ٹیچنگ کرتی ہیں اور والد سرکاری نوکری کرتے تھے، دونوں کا تعلق سرکاری اداروں تھا، چونکہ جس علاقے میں ہم رہتے تھے وہ پسماندہ علاقہ تھا اس لیے مجھے تھوڑی آزادی چاہیے تھی جو مجھے گھر پر نہیں ملتی تھی۔‘
ٹک ٹاکر نے بتایا کہ ان کی فیملی پڑھی لکھی ہونے کے باوجود سخت اور قدامت پسند سوچ رکھتی تھی، ’میری فیملی کی سوچ مجھ سے مماثلت نہیں رکھتی تھی، اس لیے میں گھر میں رہ کر آزاد سوچ کا تصور بھی نہیں کرسکتی تھی۔‘
حریم شاہ نے بتایا کہ چھٹی جماعت کے بعد جب انہوں نے ہاسٹل جوائن کیا تو وہ ان کی زندگی کا اہم موڑ ثابت ہوا۔
ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ ’چھٹی جماعت کے بعد گریجویشن تک میں نے ہاسٹل میں زندگی گزاری ہے، ہاسٹل میں مختلف طبقوں اور بیک گراؤنڈ سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملاقات ہوتی ہے جن کی مختلف سوچ ہوتی ہے۔‘
حریم شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں تعلیم سے بے حد لگاؤ تھا، ’مجھے بچپن سے دینی اور دنیاوی تعلیم کا شوق تھا، مجھ پر کسی نے زور زبردستی نہیں کی، میں نے اپنی زندگی کے ہر فیصلے اپنی مرضی سے کیے ہیں۔‘
حریم شاہ نے انکشاف کیا کہ وہ کئی بار جنسی ہراسانی کا سامنا کرچکی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ’جب کسی نے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تو میں نے بھی ایسا کھیل کھیلا کہ اس کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔‘
تاہم پوڈکاسٹ کے دوران انہوں نے اس حوالے سے مزید وضاحت نہیں دی۔
حریم شاہ نے کہا کہ سوشل میڈیا استعمال کرتے ہوئے ان سے بہت زیادہ غلطیاں ہوئی لیکن انہوں نے ان غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا اور آگے بڑھیں لیکن انہیں اپنی غلطیوں پر کبھی افسوس نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے پہلے سوشل میڈیا استعمال کرنا نہیں آتا تھا لیکن جب لوگوں نے مجھ پر تنقید کرنا شروع کی تو آہستہ آہستہ مجھے چیزیں سمجھ میں آنا شروع ہوئیں، اس دوران بہت سی غلطیاں ہوئیں لیکن اب جب بھی معصوم بچوں کے ساتھ ظلم ہوتا ہے تو میں ان کے لیے سوشل میڈیا کے ذریعے آواز اٹھاتی ہوں۔‘
حریم شاہ نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کوئی بھی کام ویوز کی خاطر نہیں کیا، اگر ایسا ہوتا تو میں سب سے پہلے اپنا یوٹیوب چینل بناتی، میرے نام سے بہت سے جعلی اکاؤنٹس پہلے ہی بن چکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.