ایران اسرائیل جنگ خطے میں پھیلی تو پاکستان پر بھی اثرات ہوں گے: ملیحہ لودھی
اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پہلی بار ایران اور اسرائیل کی براہ راست محاذ آرائی ہوئی ہے، جنگ اگر خطے میں پھیلی تو پاکستان پر بھی اس کے اثرات ہوں گے، جنگ بڑھنا اسرائیل کے سوا کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی تھی جس کے بعد ایران پر اندرون اور بیرونِ ملک سے بہت دباؤ تھا۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ ایران نے صرف فوجی ٹارگٹس پر حملے کیے، شہری تنصیبات پر نہیں، ایران کا مقصد صرف اسرائیل کو خبردار کرنا تھا، اسرائیل چاہے گا کہ امریکا جنگ میں ملوث ہو جائے اور امریکا کے ساتھ مل کر ایران پر حملہ کیا جائے لیکن امریکا ایسا نہیں چاہے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی عوام کی رائے اسرائیل کے خلاف ہوئی ہے، امریکی عوام بھی چاہتے ہیں کہ غزہ جنگ ختم ہونی چاہیے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ خطے میں جنگ بڑھنا اسرائیل کے سوا کسی کے مفاد میں نہیں ہے، سفارتی سطح پر کچھ کوششیں ہو رہی ہیں کہ اسرائیل کو مزید ایکشن سے روکا جائے، خطے میں عدم استحکام کے اثرات ہمارے خطے پر بھی ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اصل سفارتی کوششیں امریکا کی طرف سے ہوں گی کہ جنگ بڑھ نہ جائے، لگتا نہیں کہ چین اور روس ایران کی مذمتی قرار داد کی حمایت کریں، چین اور روس بھی چاہیں گے کہ ناصرف غزہ بلکہ مشرق وسطیٰ میں بھی جنگ بند ہو، سعودی عرب یا کوئی اور ملک جنگ میں اضافہ نہیں چاہے گا، پاکستان سمیت مسلم ممالک کا متفقہ جواب آنا چاہیے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ تناؤ بڑھتا ہے تو اقتصادی اثرات پاکستان اور دیگر ملکوں پر پڑنے سے چیلنج بڑھ جائیں گے، امریکی انتظامیہ میں بھی احساس ہے کہ جنگ بڑھتی ہے تو اس کا امریکا کو فائدہ نہیں ہو گا۔