بہاولنگر واقعہ: پولیس اہلکاروں پر تشدد پر پنجاب پولیس کا بیان سامنے آگیا
بہاولنگر میں پولیس اہلکاروں کی پٹائی پر پنجاب پولیس نے ردعمل دیا ہے۔
کچھ روز قبل ملزم کی گرفتاری کے لیے ایک گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا تھا اور ملزم کے اہل خانہ نے پولیس پر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور تشدد کا الزام لگایا تھا۔
پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لیے ایک گھر میں چھاپہ مارا تھا جس دوران اہل خانہ سمیت متعدد افراد نے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
پولیس نے خواتین سمیت 23 افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا۔
اب اس حوالے سے پنجاب پولیس نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر بیان جاری کیا جس میں کہا کہ بہاول نگر میں پیش آنے والے معمولی واقع کو سوشل میڈیا پر بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق یہ غلط تاثر پیش کرنے کی کوشش کی گئی کہ پاک فوج اور پنجاب پولیس کے درمیان کوئی محاذ آرائی ہوئی، سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ باتیں وائرل ہونے کے بعد دونوں اداروں کی طرف سے فوری جوائنٹ انویسٹی گیشن کی گئی جس میں دونوں اداروں کے افسران نے تمام حقائق کا جائزہ لیا اور معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرلیا۔
پنجاب پولیس نے یہ بھی ہدایت کی کہ عوام سے درخواست ہے وہ سوشل میڈیا کے جعلی پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔