وزیراعظم شہباز شریف کی عمرہ ادائیگی، زیارتِ خاص کا شرف بھی حاصل
سعودی عرب کے دورے پر گئے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے وفد کی ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کرلی ہے، انہوں نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ کا طواف کیا اورعمرے کے دیگر ارکان کی ادائیگی کی، انہوں نے خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور عالمی امن وآشتی سمیت ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لے بھی دعا کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورہء سعودی عرب
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی وفد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی
وزیراعظم نے خانہء کعبہ کا طواف کیا اور عمرہ کے دیگر ارکان کی ادائیگی کی
وزیراعظم نے خانہء کعبہ میں نوافل بھی ادا کئے
*بیت اللہ کے دروازے کھول کر وزیراعظم کو زیارتِ خاص… pic.twitter.com/3yL62PFGTN
— PMLN (@pmln_org) April 8, 2024
عمرے اور سعودی قیادت سے ملاقات کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی وفد نے آج صبح مکہ مکرمہ میں بیت اللّٰہ کے اندرونی حصے میں جانے کی سعادت بھی حاصل کی ہے، اس موقع پر بیت اللّٰه کے دروازے کھول کر وزیراعظم کو زیارتِ خاص کروائی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر کے مسلمانوں خصوصاً فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں بھی خصوصی دعا کی، وزیرِ اعظم کے ہمراہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی عمرے کی سعادت حاصل کی۔
واضح رہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ گزشتہ روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد ان کی جانب سے دیئے افطار ڈنر میں بھی شریک ہوئے تھے، ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ مکہ مکرمہ سے جدہ کے لیےروانہ ہوں گے۔
rqp0s9