چین – ویتنام کو ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے، چینی صدر
بیجنگ(نیوزڈیسک)چینی صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ویتنام کی قومی اسمبلی کے چیئرمین وونگ دین ہوئی سے ملاقات کی۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ سال کے آخر میں اپنے دورہ ویتنام کے دوران جنرل سیکریٹری نگوین فو ٹرونگ کے ساتھ چین -ویتنام ہم نصیب سماج کی تعمیر کا اعلان کیا جس سے چین -ویتنام تعلقات میں ایک نیا باب شروع ہوگا۔ فریقین کو چین ویتنام ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے، اپنی متعلقہ جدیدیت کی خدمت کرنا چاہیے، دونوں ممالک کے عوام کو بہتر فائدہ پہنچانا چاہیےاور دنیا میں سوشلزم کے مقصد میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرنا چاہیے.
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین ، ویتنام کے ساتھ پارٹی اور ملک کو چلانے میں تجربے کے تبادلے کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور امید کرتا ہے کہ دونوں ممالک کی مقننہ ہر سطح پر تبادلے اور تعاون کو مضبوط کرے گی اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اس موقع پر وونگ دین ہوئی نے کہا کہ ویتنامی پارٹی اور حکومت چین کی ترقی اور پیشرفت کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔ اس سال چین کے "دو سیشنز "نے نئی معیاری پیداواری قوتوں کی تیاری کا ہدف مقرر کیا ہے ، جو سوشلزم کا ایک اختراعی اقدام ہے اور ویتنام کے لیے ایک مفید حوالہ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویتنام ایک چین کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے ۔ویتنام کاموقف ہے کہ تائیوان ،چین کا اٹوٹ حصہ ہے اور ہانگ کانگ، سنکیانگ اور تبت کے معاملات بھی چین کے داخلی معاملات ہیں۔ ویتنام چین کے ساتھ ہر سطح پر تبادلوں اور تعاون میں قریبی طور پر کام کرے گا تاکہ سٹریٹیجک اہمیت کے حامل چین- ویتنام ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں فعال کردار ادا کیا جاسکے۔