روس ، یوکرین کے مسئلے پر بات چیت کے لیے تیار ہے، روسی وزیر دفاع
روسی وزارت دفاع کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے فرانسیسی وزیر دفاع سیبسٹین لیکورنو کی دعوت پر ان سے ٹیلی فونک بات چیت کی۔
سیبسٹین لیکورنو نے 22 مارچ کو ماسکو کے "کروکس سٹی” کنسرٹ ہال پر ہونے والے دہشت گرد حملے پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردانہ حملے میں یوکرین اور مغربی ممالک ملوث نہیں تھے۔
شوئیگو نےکہا کہ روس، دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات ضرور کرے گا اور تمام ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایسے سراغ ملے ہیں جو یہ بتاتے ہیں کہ یوکرین دہشت گردانہ حملوں کو منظم کرنے میں ملوث تھا۔روس کو توقع ہے کہ فرانسیسی خفیہ سروس اس واقعے کے پیچھے ماسٹر مائنڈ نہیں تھی۔
فرانس کے یوکرین میں فوج بھیجنے کے بیان کے حوالے سے شوئیگو کی رائے تھی کہ اگر اس بیان پر عمل ہوتا ہے تو یہ خود فرانس کے لیے مشکلات کا باعث بنے گا۔
شوئیگو نے کہا کہ روس، یوکرین کے مسئلے پر بات چیت کے لیے تیار ہے اور "استنبول امن انیشیٹو”، بات چیت کی بنیاد کے طور پر کام کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس کی شرکت کے بغیر جنیوا میں کانفرنس کے انعقاد کا کوئی فائدہ نہیں۔