دہشت گرد حملے میں جاں بحق چینی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب کا انعقاد
شانگلہ حملے میں جاں بحق چینی اہلکاروں کی میتیں وطن واپس پہنچا دی گئیں
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) شانگلہ میں دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہونے والے چینی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور اُن کی میتیں روانہ کرنے کے لیے ایک تقریب 31 مارچ کو راولپنڈی شہر میں نور خان ایئر بیس پر منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زی دونگ، پاکستانی حکام، پاکستان میں چینی سفارت خانے کے سفارت کاروں اور پاکستان میں چینی کاروباری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ صدر مملکت، وزیر اعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ایئر فورس کی جانب سے تعزیت کے لیے پھول رکھے گئے۔
جیانگ زی دونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ہونے والے ہم وطن ہزاروں میل دور پاکستان آئے تھے تاکہ پاکستان کی ترقی اور چین پاک دوستی اور تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکیں۔سب کے لیے اطمینان بخش بات یہی ہے کہ سچائی کا پتہ لگایا جائے اور قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ دہشت گردوں کے خلاف سب سے طاقتور جواب یہ ہے کہ تمام برائیوں کا ڈٹ کر خاتمہ کیا جائے۔ چین کو امید اور یقین ہے کہ پاکستان دہشت گرد حملے کی تحقیقات میں تیزی لائے گا، انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو تیز کرے گا اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے تمام اقدامات اٹھائے گا۔ چین پاکستان کے ساتھ مل کر ہر موسم میں اسٹریٹجک تعاون کو مضبوطی سے آگے بڑھانے اور چین پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو تیز کرنے کے لئے تیار ہے۔
وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور امور انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے تقریب میں چینی متاثرین کے حوالے سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ چینی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور جلد از جلد واقعے کی سچائی کی مکمل تحقیقات کرے گا اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے گا۔
تقریب کے بعد جاں بحق ہونے والے چینی اہلکاروں کی میتیں پاکستانی فوجی طیارے کے ذریعے چین واپس پہنچا دی گئیں۔
[…] […]