اقوام متحدہ کے متعدد اداروں کا غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کا مطالبہ
فلسطین اسرائیل تنازع کے وسیع پیمانے پر آغاز کے بعد سے ، غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال مسلسل خراب ہوتی جارہی ہے ، اور مقامی لوگوں کی زندگی انتہائی مشکلات سے دوچار ہے۔ اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں نے ایک بار پھر غزہ کی پٹی میں انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا تاکہ مقامی لوگوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔
یونیسیف نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی میں اس وقت کوئی بھی جگہ بچوں کے لیے محفوظ نہیں ہے۔ غزہ کی پٹی میں زندگیاں بچانے اور مصائب کو ختم کرنے کا بہترین طریقہ تنازع کے دونوں اطراف سے فوری انسانی جنگ بندی ہے۔
مشرق قریب میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی نے کہا کہ اس وقت غزہ کی پٹی میں امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں اور صحت کا نظام تباہ ہو رہا ہے۔ غزہ کی آبادی کی مدد کے لئے فوری انسانی جنگ بندی اور غزہ کی پٹی تک بلا روک ٹوک انسانی رسائی ضروری ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی پٹی میں تقریباً 9ہزارمریضوں کا فوری طور پر علاج کے لئے علاقے سے انخلاء لازم ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی سے ان شدید بیمار مریضوں کے انخلاء کی منظوری دے تاکہ ان کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔