چین امریکہ تعلقات دنیا کے اہم ترین دوطرفہ تعلقات میں سے ایک ہیں، چینی صدر
چین اور امریکہ کی کامیابی ایک دوسرے کے لئے ایک موقع ہے، شی جن پھنگ
بیجنگ ()
چین کے صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں امریکی کاروباری برادری اور اسٹریٹجک اکیڈمک سرکل کے نمائندوں سے ملاقات کی۔بدھ کے روز
شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ اس سال چین اور امریکہ کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 45 ویں سالگرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ چین امریکہ تعلقات دنیا کے اہم ترین دوطرفہ تعلقات میں سے ایک ہیں۔ چین اور امریکہ کی کامیابی ایک دوسرے کے لئے ایک موقع ہے۔ اگر دونوں فریق ایک دوسرے کو شراکت دار کے طور پر د یکھیں تو دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ صدر شی جن پھنگ نے زور دے کر کہا کہ ان تعلقات کے حوالے سے ماضی میں واپس نہیں جایا جا سکتا لیکن مستقبل بہتر بنا یا جا سکتا ہے اور موجودہ صورتحال میں چین اور امریکہ کے مشترکہ مفادات میں کمی کے بجائے اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کو چین کے ساتھ ایک ہی سمت میں کام کرنا چاہیے، درست تزویراتی تفہیم قائم کرنی چاہیے، حساس معاملات کو مناسب طریقے سے دیکھنا چاہیے،باہمی تعلقات کے مستحکم ہونے کا رجحان برقرار رکھنا چاہیئے اور چین امریکہ تعلقات کی پائیدار، مستحکم اور صحت مند ترقی کو فروغ دینا چاہیے۔
اس موقع پر امریکی نمائندے نے کہا کہ چینی عوام کے ترقیاتی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیاں چین کی اقتصادی ترقی کے روشن مستقبل کے بارے میں پرامید ہیں اور چین کے ساتھ طویل مدتی اور قریبی تعاون سے تعلقات کو مضبوط کریں گی اور اسے فروغ دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی کاروباری برادری اور اسٹریٹجک اکیڈمک سرکل امریکہ اور چین کے مابین ہر سطح پر تبادلوں کو مضبوط بنانے، باہمی تفہیم، اعتماد اور تعاون کو بڑھانے اور مستحکم، پائیدار اور نتیجہ خیز چین امریکہ تعلقات کو فروغ دینے کی حمایت کرتا ہے۔