چین اور ہونڈوراس کے سفارتی تعلقات میں ایک نیا باب شروع ہوا ہے، چینی صدر
بیجنگ (نیوزڈیسک) چینی صدر شی جن پھنگ اور ہونڈوراس کی صدر آئیرس کاسترو نے دونوں ممالک کےسفارتی تعلقات کے قیام کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔منگل کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ گزشتہ سال مارچ میں چین اور ہونڈوراس نے سفارتی تعلقات قائم کیے جس سے دو طرفہ تعلقات میں ایک نیا باب شروع ہوا ہے ۔ گزشتہ سال جون میں صدر آئیرس کاسترو نے چین کا کامیاب سرکاری دورہ کیا اور ہم نے بات چیت کی اور اہم اتفاق رائے پر پہنچ کر دوطرفہ تعلقات کی ترقی کی راہ ہموار کی۔ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے ایک سال میں فریقین نے باہمی احترام، مساوات، باہمی فائدے اور مشترکہ ترقی کے اصولوں کی روشنی میں دوطرفہ تعلقات کے اعلیٰ سطحی آغاز کو فروغ دیا ہے۔ میں ہونڈوراس کی جانب سے ون چائنا کے اصول پر سختی سے کاربند رہنے کو سراہتا ہوں ۔ شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ میں چین ہونڈوراس تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہوں اور دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کی پہلی سالگرہ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی حمایت کو مستحکم کرنے، ہمہ جہت تعاون کو وسعت دینے اور مشترکہ طور پر باہمی تعلقات کے بہتر مستقبل کے لیے صدر کاسترو کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہوں۔ صدر کاسترو نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران، ہم نے جدت طرازی اور ترقی اور عالمی مسائل کے حل پرچین کے عزم کا مشاہدہ کیا ہے اور عالمی سطح پر غربت کے خاتمے میں چین کے اہم کردار ادا کو دیکھا ہے۔ ہونڈوراس ایک چین کے اصول پر سختی سے عمل پیرا رہے گا اور چین کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر آزاد انہ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔