News Views Events

بیلاروس کے صدر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، سفیر آندرے میٹیلیسا

بیلاروس مشرقی یورپ کا اہم ملک ،پاک بیلا روس آزاد تجارتی معاہدہ ناگزیر ہے، احسن بختاوری

0

اسلام آباد ()پاکستان میں تعینات بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیسا نے کہا ہے کہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو جلد پاکستان کا دورہ کریں گے جس کے دوران دونوں ممالک موجودہ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد تجارتی اور اقتصادی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے،دونوں ممالک کے سفارتی حکام اس دورہ کو جلد سے جلد ممکن بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارت کا حجم 60 ملین ڈالر ہے جو دونوں ممالک کی صلاحیتوں سے کہیں کم ہے۔پاکستان اور بیلا روس کو معاشی سطح پرتعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر صدر آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آندرے میٹیلیسا نے کہا کہ بیلاروس پاکستان کو بھاری مشینری کے ساتھ ساتھ کھاد، زرعی آلات، کیمیکلزاور دیگر اشیاء برآمد کر رہا ہے جبکہ ٹیکسٹائل، چاول، کھٹی، چمڑے کے ملبوسات، جوتے اور طبی آلات درآمد کر رہا ہے۔بیلا روس پاکستان کی زراعت کی ترقی میں بہت تعاون کر سکتا ہے ۔اس حوالے سے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر ہا ئوسزمختلف ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتے ہیں، ان کا سفارت خانہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر بیلاروسی اور پاکستانی بزنس کمیونٹی کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ بیلاروس مشرقی یورپ کا ایک اہم ملک ہے جس کے ساتھ پاکستان کا آزادانہ تجارتی معاہدہ ناگزیر ہے،دونوں ممالک کے در میان تجارت اور تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی بیلاروس جانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس سے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو براہ راست روابط پیدا کرنے اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے کا موقع ملے گا۔

چیئرمین فانڈر گروپ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خالد اقبال ملک نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان اقتصادی تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے باہمی تعاون کو فروغ دیں ۔ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نجی شعبے کو آگے آنا ہوگا۔ سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے دوطرفہ تعلقات باہمی احترام اور اعتماد اور تعمیری مکالمے پر مبنی ہیں جس کی بنیاد دوستی اور تعاون پر مبنی ہے۔ یہ تعلقات مسلسل اعلی سطحی تبادلوں اور اقتصادی، صنعتی اور زرعی شعبوں میں مضبوط تعاون کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں ۔،بیلا روس اور پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ہیں اس لیے دونوں مل ملکر کام کریںتو ترقی کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔ملاقات میں بیلاروس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے جورابیک کرگیز بیکوف ممبران آئی سی سی آئی شیخ محمد اعجاز، مقصود تابش، اختر حسین بھی موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.