ڈومینیکا کے وزیر اعظم کا دورہ چین دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جائے گا، چینی وزارت خارجہ
بیجنگ ()
چینی وزارت خارجہ کےترجمان لین جیئن نے یومیہ پریس کانفرنس میں ڈومینیکا کے وزیر اعظم کے دورہ چین کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس سال چین اور ڈومینیکا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 20 ویں سالگرہ ہے اور چین اس خاص لمحے میں وزیر اعظم روزویلٹ سکیریٹ کے چین کے سرکاری دورے کا خیرمقدم کرتا ہے۔ دورے کے دوران صدر شی جن پھنگ وزیر اعظم سکیریٹ سے ملاقات کریں گے اور چینی وزیر اعظم لی چھیانگ ان کے لئے استقبالیہ تقریب منعقد کریں گے، دوطرفہ بات چیت کریں گے اور تعاون کی دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ فریقین دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ تشویش کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے اور چین ڈومینیکا تعلقات کی مستقبل کی ترقی کے لئے مشترکہ طور پر ایک خاکہ تیار کریں گے۔
لین جیئن نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم سکیریٹ کے دورہ چین سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو گہرا کیا جائے گا، چین اور ڈومینیکا کے درمیان روایتی دوستی کو مستحکم کیا جائے گا اور دونوں ممالک کےتعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جایا جائے گا۔