سلامتی کونسل میں بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک بیان جاری کیا جس میں بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کی گئی۔
سلامتی کونسل نے قرارداد 2216 اور اس کے بعد کی قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔ کونسل کے ارکان نے یمن کی حکومت سمیت دیگر فریقوں کے ساتھ عملی تعاون پر زور دیا تاکہ حوثیوں کو مزید حملوں کے لیے درکار ہتھیاروں اور متعلقہ سازوسامان تک رسائی حاصل کرنے سے روکا جا سکے ۔ قرارداد میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ تمام رکن ممالک اسلحے کی پابندی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں۔
کونسل کے ارکان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق بحیرہ احمر سے گزرنے والے تمام ممالک کے تجارتی جہازوں کی حقوقِ جہاز رانی کااحترام کیا جانا چاہیے۔ کونسل کے ارکان نے بحیرہ احمر اور وسیع خطے میں صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے بچانے کے لیے احتیاط اور تحمل پر زور دیا اور اس مقصد کے لیے سفارتی کوششوں کو تیز کرنے، بشمول اقوام متحدہ کی سرپرستی میں مذاکرات اور یمنی امن عمل کے لیے مسلسل حمایت جاری رکھنے کے لیے متعلقہ فریقین کی حوصلہ افزائی کی .