چین کو دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ کہا جاتا ہے اور یہاں مارکیٹ میں مقامی کھپت کی بھی بات کی جائے تو ایک ارب چالیس کروڑ سے زائد انسانوں کی انسانی ضروریات کو پورا کرنا ایک مشکل ہدف ہے جس کے حصول میں چین نے گزشتہ چند دہائیوں میں قابل ذکر کامیابیاں حا صل کی ہیں ۔دنیا بھر میں چین کی اس کامیابی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے کہ اس نے 30 ملین افراد کو غربت سے باہر نکالا ہے اور اس سلسلے میں اب بھی کئی پروگرامز جاری ہیں۔اس کے علاوہ کئی دیگر صنعتوں میں کئی جہتوں میں روزگار کے مواقعوں اور لوگوں کی آؐمدنی میں بہتری کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔حالیہ کچھ سالوں میں آر ٹیفشل انٹیلیجنس نے جس انداز میں دنیا کو بدلا ہے اس میں دنیا بھر میں یہ خطرات محسوس کئے جا رہے ہیں کہ مستقبل میں انسانوں کے روزگار کے مسائل کو مشکلات کا سامنا ہو گا۔دنیا بھر کے اعلی ترقیاتی ممالک اس امر پر زور دے رہے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کو انسانیت کی بہتری کے لئے استعمال میں لانے پر توجہ دی جائے اور اس ٹیکنالوجی کی سمت یہی ہونی چاہئے۔
مستقبل کے ان چیلنجز کو بھانپتے ہوئے چین اپنے صنعتی نظام کو اپ گریڈ کر رہا ہے اور نوجوا نوں کی بڑی آبادی کے روزگار کے لئے پالیسی کو بھی مضبوط بنا رہا ہے تا کہ مارکیٹ میں رسد اور طلب دونوں جانب سے مربوط کوششیں کی جائیں ۔انسانی وسائل اور سماجی تحفظ کی وزارت (ایم ایچ آر ایس ایس) کے مطابق چین میں 2024 تک 11.7 ملین سے زیادہ کالج گریجویٹس کی توقع ہے، اور ملازمت کے متلاشی نوجوانوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔چیلنجز کے باوجود، معاشی ترقی اور پالیسی سپورٹ جیسے مثبت عوامل ملازمت کی مارکیٹ کو تقویت دے رہے ہیں۔تکنیکی جدت طرازی اور صنعتی اپ گریڈیشن میں چین کی ترقی روزگار کے مواقعوں میں تیزی لا رہی ہے ، اور نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد مصنوعی ذہانت ، بگ ڈیٹا اور اسمارٹ مینوفیکچرنگ جیسی ہائی ٹیک اور ابھرتی ہوئی صنعتوں میں مواقعوں پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔
جنوب مغربی چین کی چونگ چنگ بلدیہ میں ایک مینوفیکچرنگ کمپنی میں ، کمپنی کے اسمارٹ مینوفیکچرنگ کے محور کے بعد سپلائی چین مینیجر اور پریسیشن مولڈ ڈیزائنر جیسی سیکڑوں نئی ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ کمپنی کے مینیجر کے مطابق کمپنی کو اب اعلیٰ تعلیم اور مہارت کے ساتھ ٹیلنٹ کی ضرورت ہے۔
چین میں ایک ہیومن ریسورس پلیٹ فار م کے ایگزیکٹو نائب صدر کے مطابق صنعتی اپ گریڈنگ کاروباری اداروں کے ٹیلنٹ کے ڈھانچے کو نئی شکل دے رہی ہے، اور کالج کے گریجویٹس ان تبدیلیوں کو زیادہ آسانی سے اپنا سکتے ہیں کیونکہ وہ انٹرنیٹ سے اچھی طرح واقف ہیں اور زیادہ ورسٹائل ہیں۔ حالیہ دو اجلاسوں کے ایجنڈے میں نئی معیار کی پیداواری قوتوں کی ترقی کے ساتھ ، چین روایتی صنعتوں کو زیادہ نفیس ، اسمارٹ اور زیادہ ماحول دوست بنانے ، ابھرتی ہوئی اور مستقبل پر مبنی صنعتوں کو فروغ دینے اور کوانٹم ٹیکنالوجی اور لائف سائنسز جیسے نئے شعبوں کو کھولنے کی اپنی کوششوں کو دوگنا کر رہا ہے۔حکومت کے مطابق ملک نجی ، چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں کی اپنی حمایت میں اضافہ کرے گا ، اور ڈیجیٹل صنعت ، بزرگوں کی دیکھ بھال اور سبز شعبوں کی ترقی کو فروغ دے گا تاکہ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے میں بڑا اور اہم کردار ادا کیا جاسکے۔
چین روایتی سے ترقی نئی ترقی کی جانب منتقل ہو رہا ہے تو ٹیلنٹ کی مانگ بڑھ رہی ہے تاہم ، کاروباری اداروں کی ضروریات اور ملازمت کے متلاشی افراد کے علم اور تکنیکی مہارتوں کے درمیان بھی ایک نمایاں فرق ہے۔روزگار کے متلاشی نوجوانوں کو مارکیٹ کی طلب کے مطابق ڈھالنے میں مدد دینے کے لیے اس سال کی سرکاری ورک رپورٹ میں تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ایک رائے یہ بھی ہے کہ طلبا اب زیادہ مطابقت پذیر ہیں اور ان کے پاس کیریئر کے انتخاب کی وسیع رینج ہے، اعلی تعلیم حاصل کرنے، ملازمت حاصل کرنے یا کاروبار شروع کرنے والے گریجویٹس کا تناسب 2020 میں 87.2 فیصد سے بڑھ کر 2023 میں 90.5 فیصد ہو گیا ہے۔اسی طرح مارکیٹ میں ہنرمند پیشہ ور افراد کی طلب کو پورا کرنے کے لیے چین نے 2023 میں 18 ملین افراد کو حکومت کی جانب سے سبسڈی پر پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جس میں جدید مینوفیکچرنگ اور جدید خدمات جیسے اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔رواں سال روزگار کی سبسڈی کے لئے 66.7 بلین یوآن (تقریبا 9.39 بلین امریکی ڈالر) مختص کیے گئے جس میں کالج گریجویٹس ، دیہی تارکین وطن کارکنوں اور دیگر کلیدی آبادیوں کے روزگار اور انٹرپرینیورشپ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چین نے نوجوانوں کے روزگار کو فروغ دینے، مارکیٹ پر مبنی چینلز کو وسعت دینے اور روزگار اور انٹرپرینیورشپ کے لئے بہتر رہنمائی فراہم کرنے کے اقدامات کو مضبوط بنانے کا عہد کیا ہے۔