چین نے ایک مرتبہ پھر دوستی کا حق ادا کردیا، سیلاب متاثرین کیلئے ہنگامی امداد
موسلا دھار بارشوں سےشدید جانی و مالی نقصان پر دکھ ہوا ہے، چینی سفیر
اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان کے دفترِ خارجہ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں چینی حکومت کی جانب سے شدید بارشوں کے باعث پھیلنے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے نقد ہنگامی امداد ،پاکستانی حکومت کے حوالے کی گئی ۔ تقریب میں پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زی دونگ اور پاکستان کے سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے شرکت کی۔
جیانگ زی دونگ نے کہا کہ خیبر پختونخوااور بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں سےشدید جانی و مالی نقصان ہوا ہے اس پر ہمیں دلی افسوس ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے ایک دن بعد ہی امدادی کاموں کی رہنمائی کے لیے گوادر کا دورہ کیا جس کی ہم تہہ دل سے تعریف کرتے ہیں۔ چین کی حکومت نے پاکستان کو ہنگامی طور پر نقد امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور چین کی دلی خواہش ہے کہ آفت زدہ علاقوں کے لوگ اپنے گھروں کی تعمیر نو کریں اور معمولاتِ زندگی جلد از جلد بحال ہوں۔
پاکستانی سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے چین کی مدد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو جب بھی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے،چین ہمیشہ فوری طور پر مدد کا ہاتھ آگے بڑھاتا ہے ۔ اس سےدونوں ممالک کے درمیان برادرانہ "آہنی” دوستی کا بھرپور مظاہرہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امدادی فنڈز کو متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر منتقل کریں گے تاکہ امدادی کاموں میں مدد فراہم کی جا سکے۔