News Views Events

آصف زرداری 411 ووٹ لے کر دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان منتخب

0

 

اسلام آباد:آصف علی زرداری نے دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہوکر پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے ،انہوں نے 411ریکارڈ ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل محمود خان اچکزئی نے 181ووٹ حاصل کئے ۔شفاف انداز میں صدارتی انتخاب کا عمل مکمل ہوا، دونوں امیدواروں نے ووٹنگ کے عمل کے دوران ایک دوسرے سے ہاتھ بھی ملایا اور نتائج کے اعلان کے بعد محمود خان اچکزئی نے نہ صرف اپنی شکست کا اعتراف کیا بلکہ یہاں تک کہہ دیا کہ کوئی ووٹ خریدا اور بیچا نہیں گیا ،یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ صدارت الیکشن کے انعقاد پر کوئی سوال نہیں اٹھا اور نہ ہی کسی نے 8فروری کے انتخابات کی طرح دھاندلی کا الزام لگایا ،ماضی کے سیاسی حریف دوست بن گئے اور دوست سیاسی حریف بن گئے ، صدارتی الیکشن کی ایک اور اہم بات یہ بھی ہے کہ مسلم لیگ ضیاء کے صدر اعجاز الحق نے بھی آصف زرداری کو ووٹ دیا حالانکہ چند روز قبل سپریم کورٹ نے 44سال بعد ذوالفقار علی بھٹو کو دی گئی پھانسی کو عدالتی قتل تو قرار نہیں دیا لیکن واضح کیا کہ بانی پیپلزپارٹی کو فیئر ٹرائل کا موقع نہیں دیا گیا اور فوجی آمر کے بیٹے کا آصف زرداری کو ووٹ دینا اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ اعجاز الحق اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں اور انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف کو بھی ووٹ دیا ،الیکشن کمیشن کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ 1185ووٹر تھے،92خالی نشستیں تھیں ، 1044ووٹ پول ہوئے ، 9 ووٹ مسترد اور الیکٹورل ووٹنگ کے حساب سے دیکھا جائے تو آصف زرداری کو 411اور محمود خان اچکزئی جو سنی اتحاد کونسل اور عمران خان کے نامزد امیدوار تھے انہیں 181ووٹ ملے ، بلوچستان میں آصف زرداری نے ریکارڈ ووٹ حاصل کئے اور اپنے صوبے سے محمود خان اچکزئی کلین بولڈ ہوئے اور ایک بھی ووٹ حاصل نہ کرسکے تاہم خیبرپختونخوا میں محمود خان اچکزئی نے اکثریت حاصل کی۔ مولانا فضل الرحمان ، جماعت اسلامی اور جی ڈی اے کے ارکان نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا جبکہ تحریک انصاف کے تین سینیٹرز شبلی فراز، اعظم سواتی اور اعجاز چودھری نے ووٹ نہیں ڈالا ، قائمقام چیئرمین سینیٹ محمد علی مرزا نے گزشتہ روز اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے تھے جس پر عمل نہیں ہوا اور وہ ووٹ ڈالنے نہ آسکے ، نوازشریف خصوصی طور پر آصف زرداری کو ووٹ دینے کےلئے لاہور سے آئے اور پارلیمنٹ ہائوس آمد پر وزیراعظم شہبازشریف ،سپیکر سردار ایاز صادق ، اسحاق ڈار ،خواجہ سعد رفیق ، عطا اللہ تارڑ نے ان کا استقبال کیا، نوازشریف کچھ دیر وزیراعظم چیمبر میں بھی بیٹھے رہے اور اپنا ووٹ پول کرنے کے بعد مری روانہ ہوگئے ۔ سنی اتحاد کونسل کے ارکان جب ووٹ ڈالنے آرہے تھے تو وہ بیلٹ باکس پر پرچی ڈالنے کے موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے جبکہ ن لیگ ، پیپلزپارٹی ، ایم کیو ایم اور اتحادی جماعتوں کے دیگر ارکان نے کوئی نعرے بازی نہیں کی ، پارلیمنٹ ہائوس میں پریزائیڈنگ آفسیر کے فرائض چیف جسٹس اسلام آبادباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے ادا کئے ۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں آصف زرداری منتخب صدور میں سے دوسری مرتبہ صدر بننے والے پہلے رہنما ہیں ۔
دوسری جانب نو منتخب صدر مملکت آصف علی زردای کو مبارکباد دینے کیلئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی وفد کے ہمراہ زرداری ہاؤس آمد،اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صدر پاکستان کو بھاری اکثریت سے کامیابی پرمبارکباد دی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف کا شکریہ اد کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.