لندن میں یوم پاکستان کی تقریب،برطانوی ارکان پارلیمنٹ ،سینئرسول وملٹری نمائندوں کی شرکت
لندن(اپنا وطن)پاکستان کے قومی دن کے استقبالیہ کی میزبانی برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان ہاؤس میں کی، مسٹر اوون جینکنز، فارن اور کامن ویلتھ ڈیویلپمنٹ آفس کے ڈائریکٹر جنرل برائے مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی برطانوی حکومت کی نمائندگی کی۔برطانوی وزیر اعظم کے پاکستان کے لیے تجارتی ایلچی مسٹر جیمز ڈیلی، برطانوی پارلیمنٹیرینز؛ سفارت کار سینئر سول اور ملٹری نمائندے؛ میئرز کونسلرز،پاکستانی کمیونٹی کے نامور ارکان تقریباً 500 موجود مہمانوں میں شامل تھے۔ قومی دن کا استقبالیہ رمضان کے مقدس مہینے کے آغاز کی وجہ سے 23 مارچ یعنی یوم پاکستان سے پہلے کیا گیا۔پاکستان کے بانی رہبروں کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ ہمارے بانیوں نے پاکستان کے لیے ایک انتہائی درست وژن پیش کیا اور یہ وژن محض الفاظ سے بالاتر تھا اس نے لاکھوں کی اجتماعی امنگوں کو سمیٹ لیا اور ہمارے پیارے وطن کی پیدائش کی بنیاد رکھی۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایک نو منتخب حکومت نے اقتدار سنبھال لیا ہے، جو پاکستان کے جمہوری سفر میں ایک اہم پیشرفت ہےآنے والے چیلنجز کے گہرائی سے ادراک کے ساتھ، منتخب قیادت خوشحالی، استحکام اور جامعیت کے حصول کے لیے پختہ عزم رکھتی ہے۔ پاکستان ایک نئی امید اور عزم کے ساتھ مستقبل کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے خاص طور پر پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم کے اس اعلان کا حوالہ دیا کہ پاکستان اس دہائی کے اختتام سے قبل G20 کی رکنیت حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔ ہائی کمشنر نے کہا کے پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہو چکا۔ہائی کمشنر نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست، صحت، فنون لطیفہ، سائنس، کاروبار اور تعلیم کے شعبوں میں غیر معمولی کامیابیوں اور بے پناہ شراکت کے لیے نمایاں ہیں۔ برٹش پاکستانی ثابت قدمی، لگن اور غیر متزلزل حوصلے کی علامت ہیں، جو ہمارے وطن کے جوہر کا مظہر ہیں۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ تعلقات کو برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے مزید تقویت دی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان ایک پختہ پل کا کام کر رہا ہے، ثقافتی تبادلے کو فروغ دے رہا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مظبوط رہا ہے۔ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو آگے بڑھانے اور بلندی تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔اپنے خطاب میں مسٹر اوون جینکنز نے برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستانی عوام اور نو منتخب حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے قائداعظم کے ایک قوم، ایک پاکستان کے وژن کو سراہا جس میں سب کے لیے یکساں مواقع میسر ہیں۔
برطانوی پاکستانیوں کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تارکین وطن، خصوصاً خواتین، نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو بہت خاص بنا دیا ہے اور پاکستان کا قومی دن ان دوطرفہ تعلقات کو منانا ہے۔اس موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب اور ثقافتی شو بھی منعقد کیا گیا۔ مہمانوں کو شاندار روایتی پاکستانی کھانے پیش کیے گئے۔ اس تقریب کو تمام مہمانوں نے اور خاص طور پر پاکستانی تارکین وطن کی طرف سے، جو بڑی تعداد میں اس موقع کو منانے کے لیے موجود تھے، کو سراہا گیا۔