News Views Events

صدارتی انتخاب، مسلم لیگ ق کا آصف زرداری کی حمایت کا اعلان

0

اسلام آباد(نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ق)نے صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پیپلزپارٹی اور اتحادی جماعتوں کا وفد پہنچا۔وفد کی مسلم لیگ ق کے سینئر نائب صدر و نو منتخب ممبر قومی اسمبلی چودھری سالک حسین، چودھری طارق بشیر چیمہ اور فرخ خان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ کیا گیا، وفد میں اسحاق ڈار، یوسف رضا گیلانی، نوید قمر، خورشید شاہ، راجہ پرویز اشرف شامل تھے۔
چودھری سالک حسین نے کہا کہ پیپلزپارٹی، (ن)لیگ کے وفود کی آمد پر شکرگزار ہوں، چودھری شجاعت حسین نے ہمیشہ رواداری کی سیاست کی، انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملکر اکٹھے چلنا ہے، ہمارا کوئی ذاتی مفاد نہیں ہے، ہم آصف زرداری کو ووٹ دیں گے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کا بے حد مشکور ہوں، ہم ملکر ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے، آصف زرداری، بلاول بھٹو کی طرف سے مسلم لیگ (ق)کا شکر گزار ہوں۔

 

دوسری جانب پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی صدارتی الیکشن کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کے ارکان صدر استحکام پاکستان عبدالعلیم خان کی رہائش گاہ پہنچے اور صدارتی انتخاب کیلئے آصف زرداری کیلئے ووٹ کی درخواست کی۔پیپلزپارٹی کی کمیٹی میں نوید قمر،سید خورشید شاہ ،یوسف رضا گیلانی،اسحاق ڈار شامل تھے ۔
اس موقع پر صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کاکہنا تھاکہ میں پیپلزپارٹی کے وفد اور اسحاق ڈار کو خوش آمدید کہتا ہوں، اعزاز کی بات ہے کہ یہ میرے گھرآصف علی زرداری کیلئے ووٹ مانگنے آئے، استحکام پاکستان پورے دل سے ان کے ساتھ ہے۔
علیم خان نے کہا کہ ہم پنجاب اور مرکز میں آصف زرداری کو ووٹ ڈالیں گے، میرے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے۔ ہم اس ملک کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے جو ہوا وہ کرینگے۔ پاکستان پر برا وقت ہے لوگ مشکل کا شکار ہے۔اس وقت ہم سب کو اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے۔ الیکشن کے مسائل کو بھولنے کی ضرورت ہے۔ تمام بڑی پارٹیوں کو ایک ایک صوبہ مل گیا ہے۔
عبدالعلیم خان کاکہنا تھاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ لوگ پریشانیوں کا شکار ہیں مزید پریشان نہیں کرنا چاہتے۔ اپوزیشن کی جماعتوں کا حق ہے حکومت کی غلطیوں کی نشاندہی کرے لیکن ملکی مفاد کو پہلے رکھنا چاہیے۔ ہم اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کردار ادا کریں گے اور جہاں غلطیاں ہمیں نظر آئیں ہم ان کی نشاندہی کریں گے۔
صدر استحکام پاکستان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کا رزلٹ سب کو منظور ہیں۔ خیبر پختونخوا کا رزلٹ ان کو بھی منظور ہے جن کو باقیوں پر اعتراض ہے۔ اگر دھاندلی ہوئی ہے تو ایک صوبے کو چھوڑ کر کیوں ہوئی ہے؟ آپ کہیں کہ خیبرپختونخوا میں ہمیں جو سیٹیں ملی ہے وہ دھاندلی سے ملی ہے ۔اتنا تو جرات کا مظاہرہ تو کرنا ہوگا ۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا شکریہ جنہوں نے آصف زرداری کی حمایت کا اعلان کردیا۔علیم خان کی باتوں سے مکمل اتفاق کرتا ہوں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.