اسرائیلی افواج کے غزہ میں امدادی سامان وصول کرنے کے مقام پر حملے ،درجنوں افراد شہید
غزہ(نیوزڈیسک)غزہ کی پٹی میں فلسطینی محکمہ صحت نے جاری بیان میں بتایا کہ شمالی غزہ کی پٹی کے غزہ شہر میں امدادی سامان وصول کرنے کے مقام پر اسرائیلی افواج نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد شہیداور زخمی ہوئے۔
غزہ کی پٹی کے ذرائع نے شنہوا کو بتایا کہ حملے کے وقت فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد آٹے کے حصول کا انتظار کر رہی تھی اور شہید اور زخمی ہونے والوں کو غزہ شہر کے شفا اسپتال لے جایا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ اسرائیل کی جانب سے ابھی تک اس واقعے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
فلسطینی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی کے وسطی شہر دیر البلاح میں امدادی سامان لے جانے والے ایک ٹرک پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد شہیدہو گئے۔ اس کے علاوہ اسی رات وسطی غزہ کی پٹی میں النسیلات پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 10 افراد شہیدہو گئے۔