پاکستان کو زرمبادلہ ذخائر اور ریونیو میں بہتری لانا ہوگی، موڈیز
بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کو زرمبادلہ ذخائر اور ریونیو میں بہتری لانا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستانی معیشت پر رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق پاکستان کی آؤٹ لک مستحکم لیکن لانگ ٹرم سی اے اے تھری ریٹنگ برقرار ہے اور پاکستان کو انتہائی بلند بیرونی مالی ضروریات کا سامنا ہے۔
موڈیز کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی زرمبادلہ ذخائر ناکافی ہیں اور پاکستان کی معیشت کو قلیل اور وسط مدت کے دوران انتہائی بلند مالی خطرات ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 8 فروری کے انتہائی متنازعہ عام انتخابات کے باعث سیاسی خطرات بھی بلند ہیں، ن لیگ، پیپلزپارٹی کی مخلوط حکومت کیلئے غیریقینی صورتحال برقرار رہے گی۔
موڈیز کی جانب سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) سے نئے قرض پروگرام کیلئے نئی حکومت کے تیز مذاکرات پر بھی خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مشکل اصلاحات کیلئے مخلوط حکومت کو درکار انتخابی مینڈیٹ زیادہ مضبوط نہ ہونے کا خدشہ ہے ، آئی ایم ایف کے نئے قرض پروگرام تک دیگر ممالک اور اداروں سے قرض ملنا مشکل ہوگا۔
موڈیز کے مطابق مالی اور بیرونی خطرات میں کمی کی صورت میں پاکستان کی ریٹنگ بہتر ہو سکتی ہے اور قرضوں پر ڈیفالٹ کی صورت میں پاکستان کی ریٹنگ ڈاؤن گریڈ ہوسکتی ہے۔