شکاگو،قونصل جنرل کا پاک امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور
شکاگو (نیوزڈیسک)شکاگو میں پاکستان کے قونصل جنرل طارق کریم نے ریاست اوہائیو میں کلیولینڈ اور کولمبس کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران قونصل جنرل نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کے دو بڑے ایونٹس میں شرکت کی، امریکی کانگریس مین مائیک کیری اور اوہائیو کے سیکرٹری آف سٹیٹ فرینک لارس سمیت سینئر منتخب عہدیداروں سے ملاقات کی، صحت کی دیکھ بھال کے ممتاز ادارے کلیولینڈ کلینک کا دورہ کیا اور مختلف کمیونٹیز تنظیموں، تاجر، پیشہ ور افراد اور طلباء سے بات چیت کی۔
اپنے کلیولینڈ کے دورے کے دوران، قونصل جنرل نے ایک افتتاحی تقریب میں شرکت کی جس کا اہتمام نو تشکیل شدہ PPNA-NEO
ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی-ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ-نارتھ ایسٹ اوہائیو چیپٹرکے اراکین نے کیا تھا۔
تقریب میں اکرون کے میئر شمس ملک سمیت کمیونٹی کے افراد، پیشہ ور افراد اور منتخب عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل طارق کریم نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی اور پیشہ ور افراد کی جانب سے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کردار پر روشنی ڈالی اور پاکستانی پیشہ ور افراد کی ایک سرکردہ تنظیم کے طور پر APPNA کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے APPNA-NEOکے صدر فواد اور اراکین کی کاوشوں کو سراہا۔
قونصل جنرل طارق کریم نے شرکاء کو شکاگو میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل کی اہم ترجیحات اور پاکستان اور امریکہ کے وسط مغربی خطے کے درمیان بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کمیونٹی ممبران اور پیشہ ور افراد کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور تحقیق، ٹیکنالوجی کی منتقلی، صلاحیت کی تعمیر اور فلاحی کاموں میں اپنے اقدامات/منصوبوں کے ذریعے سرمایہ کاری جاری رکھیں۔ انہوں نے انہیں اس سلسلے میں قونصلیٹ کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
قونصل جنرل نے اکرون (اوہائیو) کے میئر شمس ملک سے بھی ملاقات کی اور پاکستان اور اکرون کے درمیان باہمی فائدہ مند اقتصادی اور شہری شراکت داری اور عوام سے عوام کے رابطوں کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
کلیولینڈ میں قونصل جنرل طارق کریم نے کلیولینڈ کلینک کا بھی دورہ کیا جہاں کلیولینڈ کلینک کے صدر ڈاکٹر سکاٹ سٹیل نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہیں ہسپتال کا دورہ اور ادارے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کی سینئر انتظامیہ/مختلف محکموں اور اداروں کے چیئرز کے ساتھ میٹنگ کی۔ اپنا تنظیم کے ایک گروپ جس میں ڈاکٹر حمیرا قمر اور ڈاکٹر فواد تاج بھی قونصل جنرل کے ہمراہ تھے۔
اپنی بات چیت کے دوران، قونصل جنرل نے معیاری صحت کی دیکھ بھال کو آگے بڑھانے اور تحقیق کو فروغ دینے میں کلیولینڈ کلینک کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاک امریکہ تعلقات کو صحت کی دیکھ بھال اور طبی تحقیق میں تعلقات مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔. قونصل جنرل نے Skill exchanges کے طریقوں اور اہم شعبوں میں Best practices sharing کے ساتھ ساتھ پاکستانی میڈیکل طلباء کے لیے مواقع کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے کلیولینڈ کلینک اور پاکستان کے ممتاز صحت کے اداروں کے درمیان تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ کلیولینڈ کلینک کا شمار عالمی محاذ پر سرفہرست ہسپتالوں میں ہوتا ہے۔
کولمبس کے دورے کے دوران قونصل جنرل طارق کریم نے پاکستانی امریکن کمیونٹی سینٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں کمیونٹی ممبران اور سینئر منتخب عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، قونصل جنرل نے کولمبس کمیونٹی کی مختلف کمیونٹی سروسز کے لیے ایک مرکز قائم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے اور پاک امریکہ تعلقات کے فروغ میں ان کے کردار پر پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی تعریف کی۔ انہوں نے اپنی اہم ترجیحات پر بھی روشنی ڈالی جس میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ فعال روابط، امریکہ کے وسط مغربی خطے کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو فروغ دینا اور عوام کے درمیان رابطے شامل ہیں۔
قونصل جنرل طارق کریم نے کولمبس میں امریکی رکن کانگریس مائیک کیری، اوہائیو کے سیکرٹری آف سٹیٹ فرینک لارس اور دیگر منتخب عہدیداروں سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور بشمول متنوع شعبوں میں پاک امریکہ شراکت داری اور متحرک پاکستانی امریکیوں کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے دوران قونصل جنرل طارق کریم نے کمیونٹی ممبران اور تاجروں سے بھی بات چیت کی اور قونصلر خدمات اور کاروبار کو فروغ دینے سے متعلق ان کے سوالات کے جوابات دیے۔