چین انسانی حقوق کونسل کے کام کو ہمیشہ بہت اہمیت دیتا ہے، چینی وزارت خارجہ
بیجنگ(نیوزڈیسک)چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے اپنی یومیہ پریس کانفرنس میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 55 ویں اجلاس اور چین کی شرکت سے متعلق بتایا۔
ترجمان نے کہا کہ انسانی حقوق کونسل انسانی حقوق کے امور پر بات چیت کے لئے اقوام متحدہ کا بنیادی پلیٹ فارم ہے۔ چین کونسل کے کام کو ہمیشہ بہت اہمیت دیتا ہے اور موجودہ اجلاس کے مختلف موضوعات پر بات چیت میں فعال طور پر شرکت کرے گا، انسانی حقوق کے امور پر تعمیری مکالمے اور تعاون کو فروغ دے گا، اور عالمی انسانی حقوق کی حکمرانی کو زیادہ منصفانہ، شفاف، معقول اور جامع بنائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اجلاس میں ورچوئل شرکت کی اور چین کے موقف کو اجاگر کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ چین دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور انسانی حقوق کی آڑ میں ان کی ترقی کو روکنے کی مخالفت کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں کو اپنا کام غیر جانبدارانہ اور معروضی انداز میں انجام دینا چاہیے اور بلاک سیاست اور بلاک محاذ آرائی کے میدان جنگ کے بجائے تمام فریقوں کے درمیان تعمیری تبادلے اور تعاون کا پلیٹ فارم بننا چاہیے۔