News Views Events

محکمہ موسمیات کی ملک کےمختلف علاقو ں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

0

 محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں آج اتوار کو موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مغربی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، اس کے علاوہ اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ رات کو چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور، مہمند، باجوڑ، خیبر، کرم، کوہاٹ، بنوں اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اتوار کو موسم خشک رہے گا تاہم شام کو خطہ پوٹھوہار، میانوالی، اٹک، خوشاب، سرگودھا، مری، گلیات اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چاغی، نوشکی، خاران، پنجگور، گوادر، آواران، خضدار، قلات ، تربت، واشک، کیچ، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، مکران اور کوہلو میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہے گا البتہ آندھی اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے کم درجہ حرارت لیہ میں منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کالام میں منفی 12،استور میں منفی 9 اور مالم جبہ میں منفی 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
اسکردو،گوپس اور ہنزہ میں منفی 5، بگروٹ میں منفی 4، راولاکوٹ ، گلگت اور دیر میں منفی 3 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں ایک، اسلام آباد 3 ،پشاور 6 ، لاہور 9 اور کراچی میں 16 سینٹی گریڈ رہا۔
وادی نیلم کے سیاحتی مقامات پر رات سے برفباری، سردی میں اضافہ
دوسری جانب وادی نیلم کے سیاحتی مقامات پر رات سے برف باری کا سلسلہ جاری رہنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کی خوبصورت وادی نیلم کے سیاحتی مقامات کیرن، اپر نیلم، لوات بالا، شاردہ اور اڑانگ کیل ، تاؤبٹ، جاگراں، شونٹھر، گریس اور سرگن کی وادیوں میں رات گئے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان
مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج رات بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جب کہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے جنوب مغربی اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
شمال بالائی بلوچستان میں یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں، زیارت،کان مہترزئی،توبہ اچکزئی سمیت بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ایران میں موجود طاقتور مغربی سسٹم بلوچستان کی جانب بڑھ رہا ہے، صوبے بھر میں بارش،ژالہ باری اور برف باری کا امکان ہے، موسلادھاربارش سےندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے، کوژک ٹاپ،شیلاباغ،توبہ اچکزئی میں برف باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی زیارت جانے والے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پی ڈی ایم اے کی پنچاب،خیبرپختونخوا جانے والی این 50 شاہراہ پر محدودسفرکی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.