News Views Events

سندھ اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

0

کراچی(نیوزڈیسک)ملک میں انتخابات کے انعقاد کے بعد سندھ اسمبلی کا پہلا اجلاس جاری ہے جس میں نومنتخب اراکین حلف اُٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نو منتخب اراکین سے حلف لیں گے، ارکان کی حلف برداری کے بعد سپیکر کی جانب سے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری کیا جائے گا۔

قبل ازیں نامزد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سندھ اسمبلی پہنچے مراد علی شاہ نے ارکان سے ان کی نشستوں پر جا کر مصافحہ کیا۔

واضح رہے کہ مخصوص نشستوں کا کوٹہ ملنے اور چار آزاد امیدواروں کے شامل ہونے کے بعد پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی میں 114 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، ایم کیوایم کو مخصوص نشستیں ملنے کے بعد اس کے ارکان کی تعداد 36 تک پہنچ گئی، ایوان میں جی ڈی اے کی 3 سیٹیں ہیں۔

الیکشن کمیشن نے خواتین کی دو اور اقلیتوں کی ایک مخصوص سیٹ پر نوٹیفکیشن روک لیا، سندھ اسمبلی میں تیسرا بڑا گروپ ان اراکین پر مشتمل ہے جنہوں نے آزاد حیثیت میں کامیابی حاصل کر کے الیکشن کمیشن کو سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی درخواست دی ہوئی ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں قائد ایوان، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے ناموں کا اعلان بھی کر دیا، مراد علی شاہ کو ایک بار پھر وزیر اعلیٰ سندھ نامزد کیا گیا ہے، اویس قادر شاہ سپیکر سندھ اسمبلی کے امیدوار اور اقلیتی رکن نوید انتھونی ڈپٹی سپیکر کے امیدوار ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.