چین اور امریکہ افواج کے مابین روابط کو برقرار رکھنے پر متفق
میو نخ (نیوزڈیسک) کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ ای نے میونخ سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات واضح، ٹھوس اور تعمیری تھی۔ہفتہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق وانگ ای نے کہا کہ امریکہ کو صدر بائیڈن کے وعدوں پر عمل درآمد کرنا چاہیے اور ٹھوس اقدامات میں ان کی عکاسی ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا میں صرف ایک چین ہے اور تائیوان چین کی سرزمین کا حصہ ہے۔ امریکہ کو ایک چین کے اصول اور تین چین-امریکہ مشترکہ اعلامیوں کی پاسداری کرنی چاہیے اور "تائیوان کی علیحدگی ” کی حمایت نہ کرنے کے اپنے بیان کو عملی جامہ پہنانا چاہیے۔ دونوں فریقوں نے اگلے مرحلے میں دونوں ممالک کے درمیان تمام سطحوں پر تبادلوں پر خیالات کا تبادلہ کیا، اور "سان فرانسسکو ویژن” کے مزید نفاذ کے لیے تمام شعبوں میں بات چیت اور مواصلات کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔فریقین نے چین-امریکہ مشترکہ انسداد منشیات ورکنگ گروپ کے کام کے بارے میں مثبت گفتگو کی اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی میٹنگ کے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔
اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خارجہ پالیسی، ایشیا پیسیفک امور، سمندری امور، اور مصنوعی ذہانت پر مشاورت کو فروغ دینا اور دونوں افواج کے درمیان روابط کو برقرار رکھنا چاہیئے۔ دونوں فریقوں نے یوکرین کے بحران، فلسطین اسرائیل تنازعہ، جزیرہ نما کوریا اور دیگر علاقائی اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور جزیرہ نما کے امور پر دونوں فریقوں کے خصوصی ایلچی کے درمیان روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔