چودھری شجاعت کی اڈیالہ جیل میں پرویز الٰہی سے ملاقات، کیا راز ونیاز ہوئے؟
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت کی اڈیالہ جیل میں چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات ہوئی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے ترجمان مصطفیٰ ملک نے بھی ملاقات کی تصدیق کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کے درمیان سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم ترجمان پاکستان مسلم لیگ کا کہنا ہے کہ ملاقات مکمل غیر سیاسی تھی۔
ترجمان مصطفیٰ ملک کے مطابق ملاقات میں چودھری وجاہت حسین، چودھری شافع حسین، چودھری سالک حسین اور منتہا اشرف بھی شامل تھے۔
چودھری برادران کی ملاقات کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، ترجمان مسلم لیگ ق
ترجمان نے بتایا کہ ملاقات مکمل غیر سیاسی تھی، اس کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی میں بہت محبت کا رشتہ ہے اور یہ ملاقات خاندانی روایات کے تحت ہوئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ چودھری پرویز الٰہی کی صحت کے حوالے سے چودھری شجاعت حسین اور فیملی کو تشویش لاحق تھی۔