وانگ ای میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شریک ہوں گے ،ترجمان چینی وزارت خارجہ
بیجنگ(نیوزڈیسک)چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے اعلان کیا کہ میونخ سکیورٹی کانفرنس کے چیئرمین ہوسگن، ہسپانوی وزیر خارجہ الواریز اور فرانسیسی صدر کے مشیر برائے امورِ خارجہ امینوئیل بون کی دعوت پر سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ ای 16 سے 21 فروری تک 60 ویں میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وانگ ای اسپین اور فرانس کا دورہ بھی کریں گے جس دوران فرانس میں چین- فرانس اسٹریٹجک بات چیت کا انعقاد کیا جائے گا۔
وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ میونخ سکیورٹی کانفرنس میں وانگ ای بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تشکیل اور مساوی اور منظم کثیر قطبی دنیا کے بارے میں چین کے موقف کی وضاحت کریں گے۔
دورہ اسپین کے بارے میں ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ تقریباً چھ سال میں کسی چینی وزیر خارجہ کا اسپین کا دوسرا دورہ ہے۔چین کو امید ہے کہ اس کے ذریعے دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر مزید عمل درآمد کیا جائے گا، سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کے دوستانہ ماحول کو جاری رکھا جائے گا، باہمی اعتماد کو مستحکم کیا جائے گا اور دوستی اور تعاون کو بڑھایا جائے گا تاکہ چین- اسپین جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں نئے امکانات پیدا کیے جاسکیں۔
دورہ فرانس کے بارے میں ترجمان نے نشاندہی کی کہ کچھ عرصہ قبل چینی صدر شی جن پھنگ اور صدر میکرون کے درمیان تہنیتی پیغامات کا تبادلہ ہوا تھا اور اگلے 60 سالوں کے لیے چین اور فرانس کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط اور متحرک بنانے پر زور دیا گیا تھا۔ وزیر خارجہ وانگ ای کا دورہ فرانس رواں سال چین اور فرانس کے درمیان پہلی اہم سفارتی سرگرمی ہے۔ وزیر خارجہ وانگ ای فرانسیسی اہلکاروں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے اور فرانسیسی صدر کے مشیر برائے خارجہ امور کےساتھ چین -فرانس اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا نیا دور منعقد کریں گے۔ چین ، باہمی اسٹریٹجک مواصلات کو مزید گہرا کرنے ، سیاسی باہمی اعتماد کو مستحکم کرنے ، عملی تعاون اور عوامی تبادلوں کو وسعت دینے ، کثیر الجہت امور پر مواصلات کو مضبوط بنانے ، چین اور یورپی یونین کے تعلقات کو مستحکم اور طویل مدتی ترقی کی طرف لے جانے اور عالمی امن و استحکام اور ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے فرانس کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔