مائیکل پیپر کی نصف سنچری کی بدولت ابوظہبی نے گلف جائنٹس کو ہرادیا
ابوظہبی(نیوزڈیسک) انگلینڈ کے مائیکل پیپر کی 40 گیندوں پر 7 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 59 رنز کی بدولت ابوظہبی نائٹ رائیڈرز نے آئی ایل ٹی 20 سیزن 2 کے 16 ویں میچ میں دفاعی چیمپیئن گلف جائنٹس کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اس فتح کے بعد ابوظبی نائٹ رائیڈرز تیسرے نمبر جبکہ جائنٹس چوتھے نمبرپرآ گئی ہے۔
کرس لین کی 48 گیندوں پر 67 رنز کی اننگز کے باوجود گلف جائنٹس کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز ہی بناسکی۔ انہوں نے جارڈن کاکس کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 58 گیندوں پر 72 رنز کی شراکت قائم کی تھی جنہوں نے 27 گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر 21 رنز بنائے تھے۔ لین نے عثمان خان (23) کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 39 رنز بنائے۔ ہدف کا تعاقب میں نائٹ رائیڈرز کو اچھے آغاز کی ضرورت تھی۔
اوپنرز جو کلارک اور پیپر نے صرف 4.1 اوورز میں 50 رنز کی شراکت قائم کی۔ مجیب الرحمان نے اپنے دوسرے اوور میں جو کلارک کو آٹ کرکے 62 رنز کی شراکت کو 6.1 اوورز میں ختم کر دیا۔پیپر نے 33 گیندوں پر پانچ چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی ۔
دسویں اوور تک نائٹ رائیڈرز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 100 رنز بنالیے تھے اور انہیں جیت کے لیے مزید 62 رنز درکار تھے۔ چھ رنز کے بعد مجیب نے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی اور علی شان شرفو کو 11 رنز پر بریتھ ویٹ کے ہاتھوں کیچ آٹ کیا۔ رچرڈ گلسن نے پیپر کو 59 رنز پر اپنی وکٹ پر آوٹ کرنے پر مجبور کیا۔
اس سے قبل نائٹ رائیڈرز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ مائیکل پیپر کھیل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔