عالمی عدالت انصاف نے غزہ میں "نسل کشی” کے حوالے سے جنوبی افریقہ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف کیے گئے مقدمے میں فیصلہ سنا دیا
ہیگ (نیوزڈیسک)نیدرلینڈز کے شہر ہیگ میں اقوام متحدہ کی عالمی عدالت انصاف نے جنوبی افریقہ کی جانب سے غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے خلاف "نسل کشی” کے الزام پر فیصلہ سنایا۔
عدالت نے اسرائیل کے خلاف فوری اقدامات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسرائیل کو نسل کشی کی روک تھام اور انسانی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اپنے اختیار میں تمام اقدامات کرنے کا حکم دیا۔
اسرائیل کو ایک ماہ کے اندر اندر عدالت میں رپورٹ پیش کرنی ہوگی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کو اس معاملے کی سماعت کا دائرہ اختیار حاصل ہے اور غزہ کی پٹی میں تنازع کے تمام فریق بین الاقوامی قانون کے پابند ہیں۔ نسل کشی کے جرم کی روک تھام اور سزا سے متعلق کنونشن کے تحت فلسطینیوں کو بھی تحفظ کا درجہ حاصل ہے۔ عدالت نے پایا کہ اسرائیل کے خلاف الزامات نسل کشی کے جرم کی روک تھام اور سزا سے متعلق کنونشن کی دفعات کے مطابق تھے اور جنوبی افریقہ کی جانب سے جن چند حقوق کی بات کی گئی وہ معقول تھے۔