News Views Events

چین، ہاربن کی مقبولیت ایک مضبوط سیاحتی مارکیٹ کی عکاس ہے

0

 

بیجنگ()
اس موسم سرما میں شمال مشرقی چین کا شہر ہاربن سیاحت کے حوالے سے بہت مقبولیت اختیار کر گیا ہے۔ آج کل سوشل میڈیا پر آپ کو ہاربن کے بارے میں بہت سی اپ ڈیٹس اور ڈیٹا ملے گا۔ نئے سال کی تین روزہ تعطیلات کے دوران 30 لاکھ سے زائد سیاحوں نے ہاربن کی سیر کی اور سیاحتی شعبے کی کل آمدنی تقریباً چھ ارب یوآن رہی۔
ہاربن کی مقبولیت کے کیا وجوہات ہیں؟
سب سے پہلے، آئس کنگڈم کی دلکشی ہے. 5 جنوری 2024 کو، 40 ویں چائنا ہاربن انٹرنیشنل آئس اینڈ سنو فیسٹیول کا آغاز ہوا، جو دنیا کے چار بڑے آئس اینڈ سنو فیسٹیول میں سے ایک ہے.سال 1985 میں اس فیسٹیول کا آغاز ہوا جو اب تک جاری ہے، اس میلے کے دوران آئس اینڈ سنو مجسمے اور آئس لالٹینوں کی نمائشیں، آئس پر شادی کی تقاریب، آئس اینڈ سنو سپورٹس جیسی سرگرمیاں منعقد ہوتی ہیں۔ ثقافتی اور فنکارانہ ماحول بھی ہاربن کی دلکشی ہے۔ یہاں چین کا پہلا کنزرویٹری ، پہلا سمفونی آرکیسٹرا اور پہلا میوزک فیسٹیول منعقد ہوا ، اور یہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ ایشیا کا واحد "میوزک کا شہر” ہے۔یہاں گوتھک، بازنطینی اور باروک عمارتیں نظر آتی ہیں جو اس شہر میں مختلف تہذیبوں کے ملاپ کا مظہر ہیں۔
دوسری وجہ سیاحوں کو دی جانے والی پرخلوص خدمات ہیں۔ سیاحوں کے لئے ہاربن نے برف پر ایک قالین بچھایا ہے جو انہیں برف پر گرنے سے بچاتا ہے، سیاحوں کو گرم ماحول فراہم کرنے کےلیے ہاربن نے سیاحتی مقام پر "وارم اسٹیشن” قائم کر رکھے ہیں ۔ ریستورانوں میں جنوبی علاقوں سے آنے والے سیاحوں کی ضروریات کے مطابق گرم پیالے اور دیگر خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔انہی پرخلوص خدمات سے متاثر ہو کر بہت سے سیاح اس شہر کے "ترجمان” بن جاتے ہیں اورمزید سیاحوں کو راغب کرتے ہیں۔
برف کے وسائل نہ صرف سیاحت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ مزید صنعتی مواقع بھی لاتے ہیں۔ سرمائی اولمپکس کے بعد آئس اینڈ سنو کی صنعت ترقی کرتی رہی، 1985 سے ہاربن آئس اینڈ سنو فیسٹیول کے دوران اقتصادی و تجارتی سرگرمیاں بھی منعقد ہوتی رہیں، 2023 ہاربن آئس اینڈ سنو ایکسپو میں 19 ممالک اور خطوں سے 500 سے زائد کمپنیوں نے حصہ لیا اور 2.56 بلین یوآن کا مطلوبہ کاروبار حاصل ہوا۔
سیاحت کے علاوہ ہاربن چین کے شمال مشرق میں رہنے والی اقلیتی قومیتوں کے لیے اپنے آپ کو متعارف کرانے کا دریچہ بھی بن گیا ہے۔ 8 جنوری کو، اعونکی قبیلے کے لوگ اپنے لوک گیت گاتے ہوئے سات ہرنوں کے ساتھ ہاربن کی ایک مشہور اسٹریٹ میں داخل ہوئے۔ ہرن پالنے والے اعونک اور گھوڑوں پر سوار اعروچھون وہ اقلیتی قومیتیں ہیں جو شمال مشرقی چین میں رہتی ہیں اور ہاربن نے انہیں اپنی ثقافت اور روایات پیش کرنے کا ایک اسٹیج فراہم کیا ہے۔
ہاربن کی مقبولیت نے چین کی سیاحتی مارکیٹ میں جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ برفانی زمین سے لے کر دریائے یانگسی کے جنوب میں آبی قصبوں تک، ثقافتی ورثے سے لے کر روایتی رسم و رواج تک، مختلف مقامات کے ثقافتی اور سیاحتی محکموں نے اپنی بہترین صلاحیت دکھائی ہے اور سیاحوں کو انتہائی پرجوش دعوت دی گئی ہے کہ وہ ان علاقوں سے لطف اٹھائیں۔جنوب سے لوگ برف دیکھنے کے لیے شمال کی طرف جاتے ہیں جبکہ شمال سے لوگ سبزہ دیکھنے کے لیے جنوب کی طرف جاتے ہیں۔مہاجر پرندوں جیسے سیاحوں کی بڑی تعداد نے چین کی سیاحتی مارکیٹ کو بھرپور متحرک بنا دیا ہے اور بنیادی ڈھانچے کی مسلسل بہتری اور سروس انڈسٹری کی مسلسل ترقی نے چین کی سیاحتی مارکیٹ کے لئے ایک ٹھوس بنیاد رکھی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سیاحت کی مارکیٹ کی گرمجوشی کے باعث متعدد ثقافتی اور سیاحتی لسٹڈ کمپنیوں کی کارکردگی نئی بلندیوں پر پہنچ گئی ہے. چائنا ٹورزم اکیڈمی کے مطابق 2023 میں اندرون ملک سیاحوں کی تعداد 5.407 بلین اور سیاحت کی آمدنی 5.2 ٹریلین یوآن تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سالوں کی نسبت ایک بہت اچھا اضافہ ہے۔
2024 نئے سال کی تین روزہ تعطیلات کے دوران ، 135 ملین سیاحوں نے اندرون ملک سیر کی ،جس میں سال بہ سال 155.3 فیصد کا اضافہ ہوا اور کھپت کا ایک اچھا آغاز ہوا۔ 10 سے 17 فروری تک چین میں جشن بہار کی تعطیلات منعقد ہونگی۔ متعلقہ ویب سائٹس کے اعداد و شمار کے مطابق ان تعطیلات کے دوران ایئر ٹکٹس، ہوٹلز اور دیگر آرڈرز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور سیاحت کی مارکیٹ ایک اور بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.