اقتدارمیں آکر خاندان کے کچھ افراد نے اپنے مفادات کو ترجیح دی،چودھری سالک
گجرات (نیوزڈیسک)قومی اسمبلی کی نشست این اے 64 سے مسلم لیگ ق کے امیدوار چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ اقتدارمیں آکر خاندان کے کچھ افراد نے اپنے مفادات کو ترجیح دی جس سے کرپشن کے اسکینڈل بنے۔
تفصیلات کے مطابق گجرات میں انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 10 سال سے جو ہوتا رہا اُس سے خاندان کی صرف بدنامی ہوئی، اب ایسا نہیں ہوگا، پیسہ نہیں ظہور الہٰی طرز کی سیاست کرکے عزت کمائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج کل عوام ایک مقبول لیڈر کے منشور کے ساتھ ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ صرف اس نے عوام کو امید لگائی تھی کہ ملک کو بحرانوں سے وہی نکال سکتا ہے، دوسری پارٹیوں نے عوام کو مایوس کیا ہے۔
چودھری سالک حسین کا کہنا تھا کہ الیکشن میں پرانے اور مسترد شدہ لوگ نئے نعروں کے ساتھ میدان میں آئے ہیں، عوام کو دیکھنا ہوگا کہ اُن کی بہتر نمائندگی کا حق کون ادا کرسکتا ہے۔