امریکا”تائیوان کی علیحدگی پسند ” قوتوں کو کسی بھی طرح کا غلط سگنل بھیجنا بند کرے،چین
بیجنگ(نیوزڈیسک)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے چین کے تائیوان میں انتخابات سے متعلق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے بیان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا بیان ایک چین کے اصول اور چین -امریکہ تین مشترکہ اعلامیوں کی سنگین خلاف ورزی ہے،امریکہ کے ،تائیوان کے خطے کے ساتھ صرف ثقافتی، تجارتی اور دیگر غیر سرکاری تعلقات برقرار رکھنے کےسیاسی وعدے کی شدید خلاف ورزی ہے اور اس سے "تائیوان کی علیحدگی پسند” قوتوں کو انتہائی غلط پیغام دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تائیوان کا مسئلہ چین کے بنیادی مفادات کا مرکز ہے ،یہ چین – امریکہ تعلقات میں پہلی سرخ لکیر ہے جسے عبور نہیں کیا جاسکتا۔ ایک چین کا اصول بین الاقوامی تعلقات اور بین الاقوامی برادری کا عالمگیر اتفاق رائے ہونے کے ساتھ ساتھ چین-امریکہ تعلقات کی سیاسی بنیاد بھی ہے۔ چین نے ہمیشہ امریکہ اور تائیوان کے درمیان کسی بھی قسم کے سرکاری تبادلے اور کسی بھی شکل میں اور کسی بھی بہانے سے تائیوان کے معاملات میں امریکہ کی مداخلت کی سختی سے مخالفت کی ہے۔ ہم امریکہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایک چین کے اصول اور چین -امریکہ تین مشترکہ اعلامیوں پر سختی سے عمل کرے، امریکی رہنماؤں کی جانب سے متعدد مواقع پر کیے گئے "تائیوان کی علیحدگی” کی حمایت نہ کرنے، "دو چین” یا "ایک چین، ایک تائیوان” کی حمایت نہ کرنےکے وعدوں پر عمل درآمد کرے اور تائیوان کے مسئلے کو چین کو روکنے کے لیے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال نہ کرے، امریکہ اور تائیوان کے مابین سرکاری تبادلوں کو روکےاور "تائیوان کی علیحدگی پسند ” قوتوں کو کسی بھی طرح کا غلط سگنل بھیجنا بند کرے۔