عالمی یوم استاد، حکومت اساتذہ کی فلاح وبہبود کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے،ڈاکٹرملک ابرار

اساتذ ہ کے لیے بہتر روزگار،خوراک ورہائش کے انتظامات اور ان کے بچوں کی فلاح وبہبود حکومت کی بنیادی ذمہ داری آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ملک ابرار حسین کا عالمی یوم استاد کے موقع پر بیان

اسلام آباد:آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ملک ابرار حسین نے عالمی یوم استاد کے موقع پر معماران ملت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اساتذہ سے اپیل کی ہے کہ ملک و ملت کی تعلیمی ترقی اور بہتر مستقبل کے لیے سنجیدگی سے کوشش کریں۔گزشتہ روز یہاں سے جاری کردہ اپنے بیان میں ڈاکٹر ملک ابرار حسین کا کہنا تھاکہ آج پانچ اکتوبر کو دنیا بھر میں اساتذہ کا عالمی دن منایا جارہاہے اس موقع پر اساتذہ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کی تعلیمی ترقی اور نسل نو کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔یہ پیشہ پیغمبری ہے جس سے وابستہ افراد کو بچوں کی کردار سازی اور عالمی معیار کے مطابق تیار ی میں مدد کرنی چاہیے تاکہ ہمارے بچے دنیا کے مقابلے میں سر اٹھا کر کھڑے ہوسکیں۔ اسی طرح حکومت کو بھی چاہیے کہ اساتذہ کی فلاح وبہبود کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے اور ان کے بچوں کے مستقبل کی بہتری کے لیے بھی اساتذہ کی مدد کرے۔ اساتذ ہ کے لیے بہتر روزگار،خوراک ورہائش کے انتظامات حکومت وقت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔جب کوئی استاد اپنے نان ونفقہ کی فکر میں ہی لگا رہے گا تو وہ بچوں کو بہتر مستقبل کیسے دے سکے گا؟ اس لیے حکومت اساتذہ کی ترقی،خوشحالی اور بہتری کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرے۔ ڈاکٹر ملک ابرار حسین کا مزید کہنا تھاکہ یوم استاد کے موقع پر نجی شعبہ تعلیم کی جانب سے پاکستانی قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ ملک میں شرح خواندگی میں اضافہ، تعلیمی ترقی اور نسل نو کی تعلیمی آبیاری کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ برادری کو مبارک باد پیش کی۔

Comments (0)
Add Comment