اسلام آباد(نیوزڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی )کے انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے محفوظ کیا فیصلہ سناتے ہوئے اے این پی کو لالٹین کا نشان واپس دے دیا۔ تاہم 20 ہزار جرمانہ اور انٹرا پارٹی الیکشن کروانا ضروری قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی نشان سے متعلق کیس میں فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اے این پی کی 5 سال کی معیاد ابھی مکمل نہیں ہوئی۔الیکشن کمیشن نے اے این پی کو 20 ہزار کا جرمانہ کیا ہے اور 10مئی تک انٹرا پارٹی الیکشن کروانے حکم دیا ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی نے انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے 6 ماہ کی مہلت مانگی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اے این پی کی 5 سال کی مدت ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے، ملک میں اس وقت الیکشن مہم چل رہی ہے اور سیاسی جماعتیں اس میں شرکت کررہی ہیں لہٰذا اے این پی 10 مئی تک انٹرا پارٹی الیکشن کرائے۔
واضح رہے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کروانے پر الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز 13 جماعتوں کو ڈی لسٹ کر دیا تھا، تاہم الیکشن کمیشن اور پاکستان تحریک انصاف کا ابھی بھی اسی معاملے پر سپریم کورٹ میں کیس زیر سماعت ہے۔