بیجنگ(نیوزڈیسک) جنوبی افریقہ نے حال ہی میں اقوام متحدہ کی بین الاقوامی عدالت انصاف میں ایک مقدمہ دائر کیا ہے جس میں اسرائیل پر نسل کشی کے جرم کی روک تھام اور سزا سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بین نے یومیہ پریس کانفرنس میں اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اسرائیل تنازع کے آغاز سے اب تک غزہ میں 22 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔ غزہ میں ہر روز سینکڑوں شہری جاں بحق ہو رہے ہیں، یہ صورت حال جاری نہیں رہنی چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ چین بین الاقوامی قوانین کی کسی بھی خلاف ورزی کی مخالفت کرتا ہے اور فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں پر سنجیدگی سے عمل درآمد کریں، فوری طور پر فائربندی اور جنگ کا خاتمہ کریں اور غزہ کی پٹی میں لوگوں کی اجتماعی سزا بند کریں۔