اسلام آباد (نیوزڈیسک): آٹھ فروری کو قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ نزدیک آتے ہی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے، اس حوالے سے حکومت پاکستان سے رجسٹرڈ میڈیا ادارے پریس نیٹ ورک آف پاکستان نے پی این پی الیکشن سیل فعال کردیا ہے جبکہ ملک بھر کے ہر حلقے ہر یونیورسٹی سے انتخابی عمل میں دلچسپی رکھنے والے اسٹوڈنٹس سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ حالات حاضرہ پر گہری نظر رکھنے والے پریس نیٹ ورک آف پاکستان کے سربراہ اور سیاسی تجزیہ نگار صباح الدین قاضی نے پی این پی الیکشن سیل کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ اقدام کا مقصد موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر مستند اور درست معلومات فراہم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو قومی انتخابات میں صحیح فیصلہ کرنے کیلئے بااختیار بنایا جا سکے، پی این پی الیکشن سیل انتخابی مہم کی آڑ میں مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے کچھ عناصر کی جانب سے پھیلائی جانے والی فیک نیوز اور پراپیگنڈہ کے تدارک کیلئے بھی پرعزم ہے جبکہ سیاسی جماعتوں کو اپنا پیغام عوام تک بروقت اور براہ راست پہنچانے کی سہولت بھی یقینی بنائی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں انتخابی عمل کا پرامن انعقاد جمہوریت کے تسلسل کا کلیدی ذریعہ ہے، شفاف انتخابات عوامی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
مزید برآں، پریس نیٹ ورک آف پاکستان انڈسٹری اور اکیڈمیہ کے روابط میں بہتری کیلئے حالات حاضرہ، سیاسی امور اور انتخابی عمل میں دلچسپی رکھنے والے یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کو بھی پی این پی الیکشن سیل میں بھرپور کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کررہا ہے اور اس حوالے سے درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری ہے۔
پی این پی الیکشن سیل کے سربراہ صباح الدین قاضی کے مطابق قومی مستقبل کا انحصار اس امر پر ہے کہ آٹھ فروری کو پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے ہر محب وطن شہری کتنے موثر انداز میں اپنے ووٹ کی طاقت کا درست استعمال کرتا ہے۔