یواے ای کا ایک اور اعزاز، آئی ایل ٹی 20 آئی سی سی کی اے کیٹگری میں شامل
دبئی (نیوزڈیسک) یواے ای کی لیگ ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اسے اپنی اے کیٹگری میں شامل کرلیا ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ ٹورنامنٹ کو باضابطہ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے طور پر تسلیم کیا جائے گا اور ٹورنامنٹ کے اعداد و شمار کو سرکاری ٹی 20 اعداد و شمار کے طور پر تسلیم کیا جائے گا۔ کیٹگری اے درجے کا باضابطہ نفاذ سیزن 2 سے ہوگا جو اگلے ماہ سے شروع ہورہا ہے۔ آئی ایل ٹی 20 پہلی آئی سی سی ایسوسی ایٹ رکن ملک کی لیگ ہے جسے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ جمعہ 19 جنوری کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپیئن گلف جائنٹس اور شارجہ واریئرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سیزن 2 میں شاہین شاہ آفریدی ، ڈیوڈ وارنر، آندرے رسل، سنیل نارائن، ڈیوڈ ویلی، رحمان اللہ گرباز، ایلکس ہیلز، شمرون ہیٹمائر، کرس جارڈن، ٹرینٹ بولٹ، نکولس پورن، کرس ووکس، کرس لین اور مہیش تھیکشانا سمیت 100 سےز ائد بین الاقوامی کھلاڑی ایکشن میں نظرآئیں گے۔ متحدہ عرب امارات کے 24 کھلاڑی بھی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔