ابوظہبی(30 نومبر 2023) ابوظہبی ٹی 10 کے تیسرے میچ میں دہلی بلز نے اپنی شاندار بلے بازی کی بدولت دکن گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے ہرادیا ہے ۔ بلز نے جس وقت ہدف حاصل کیا اس وقت 9 گیندیں باقی تھیں۔ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنائے تھے۔ اس کامیابی میں کوئنٹن ڈی کوک نے نمایاں کردار ادا کیا انہوں نے 26 گیندوں پر 3 چوکے اور 4 چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ انہوں نے جانسن چارلس کے ساتھ 73 رنز کی اوپننگ شراکت داری قائم کی جنہوں نے 13 گیندوں پر 5 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے۔ کپتان روومین پاول نے 12 گیندوں پر 5 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز بنائے۔ٹام کوہلر اور کیڈمور کی ایک اور عمدہ اننگز کی بدولت دکن گلیڈی ایٹرز نے 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنائے تھے۔ نیو یارک اسٹرائیکرز کے خلاف پہلے میچ میں ناقابل شکست 68 رنز بنانے کے بعد انہوں نے 21 گیندوں پر 5 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔ ان کے اوپننگ پارٹنر آندرے فلیچر نے بھی 34 رنز بنائے اور دونوں نے ملکر 5.3 اوورز میں 64 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ ایک اچھا سکور کی راہ ہموار کی جو بظاہر دہلی بلز کے لئے ایک مشکل ہدف لگتا تھا۔ دکن گلیڈی ایٹرز کے کپتان نکولس پورن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔کوئنٹن ڈی کوک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔