انتخابات میں اپنی سیاسی حیثیت برقرار رکھتے ہوئے اتحاد کا فیصلہ کریں گے: چودھری شجاعت

لاہور(نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ق) کے صدر وسابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ انتخابات میں اپنی سیاسی حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے کسی بھی طرح کے اتحاد کا فیصلہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چودھری شجاعت حسین سے لاہور کے جنرل سیکرٹری ندیم پہلوان نے ملاقات کی، انتخابات میں ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ، انتخابی مہم کی سرگرمیوں بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اپنے ایک بیان میں سربراہ مسلم لیگ ق نے کہا کہ اس معاملے پر پارٹی میں مشاورت جاری ہے، سیاسی جماعتیں اچھی طرح سمجھ لیں اب بیان بازی سے کام نہیں چلے گا، ملک کیلئے ڈلیور کرنا ہوگا، شروع دن سے اس بات کے حامی ہیں کہ ملک میں مفاہمت کو فروغ دیا جانا چاہئے، اس روایت کو پروان چڑھانے کے لئے اپنا کردار بھی ادا کیا ہے۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہمارے معاشرے کو رواداری کی اشد ضرورت ہے اور اس کیلئے سیاسی قیادت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، پاکستان مسلم لیگ ق کی سیاست کا محور عوام ہیں، اس لئے سیاسی فیصلوں میں ہمیشہ اسے پیش نظر رکھا ہے۔

Comments (0)
Add Comment